خیبرپختونخوا حکومت کا سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان

پشاور(اے ون نیوز)خیبرپختونخوا حکومت نے سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 20 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کردیا۔
خیبرپختونخوا کابینہ اجلاس میں سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے امداد دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
پی ڈی ایم اے متاثرہ خاندانوں کو ’’فوڈ اسٹامپ‘‘ اسکیم کے تحت 15 ہزار روپے دےگا،کابینہ نے پی ڈی ایم اے کو ابتدائی طور پر ایک ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔
پولیس شہدا کے لواحقین اور زخمی اہلکاروں کیلئے 18 کروڑ 3 لاکھ روپے اور ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید عملے کیلئے خصوصی شہدا پیکج کی منظوری دی گئی۔
صوبے بھر میں سیرت کانفرنسز کیلئے 6 کروڑ 23 لاکھ روپے گرانٹ کی منظوری دی گئی جبکہ ہائی کورٹ کو ریلیز پالیسی سے استثنیٰ دینے اور ایس اے پی سسٹم تک مکمل رسائی کی منظوری بھی دی گئی۔
صوبائی کابینہ نے سابق ایم پی اے شوکت یوسفزئی کے علاج کیلئے 2 کروڑ روپے مالی معاونت کی بھی منظوری دی جبکہ مختلف ترقیاتی اسکیموں،انفرا اسٹرکچر کی بحالی کیلئے 20 ارب روپے ضمنی گرانٹ منظورکی گئی۔
اس کے علاوہ کابینہ نے کے پی رائٹ ٹو پبلک سروس ایکٹ 2014 میں ترامیم کی منظوری دی۔