
کراچی (اے ون نیوز) ایم اے جناح روڈ، صدر سیون ڈے سی بریز پلازہ کے قریب آتشبازی کے سامان کے گودام میں دھماکے کے بعد آتشزدگی سے 2 افراد جاں بحق 34 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کے بعد لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور اب کولنگ کا عمل جاری ہے، گودام میں لگی آگ بھجانے میں 10 فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل نے حصہ لیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق واقعہ میں 34 افراد زخمی ہوئے، بیشتر افراد کو شیشے لگے ہیں، زخمی ہونے والے افراد کو ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے سول اور جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے کہا کہ دھماکے میں 34 افراد زخمی ہوئے، جناح ہسپتال میں لائے گئے 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق دھماکے کے مقام سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جب کہ دھماکے میں زخمی ایک شخص جناح ہسپتال میں دم توڑ گیا ہے جس کے بعد گودام میں دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آتش گیرمادے کا دھماکہ بہت زوردار تھا، دو سے تین کمروں میں بارود بھرا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کمروں میں رکھا گیا آتش گیرمادہ نہ پھٹے، تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے آگ پر قابو پالیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق 10 سے زائد گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا، دھوئیں کی وجہ سے ریسیکو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہےکہ پٹاخوں کے گودام کا لائسنس چیک کیا جا رہا ہے، اگر لائسنس نہیں ہوا تو کارروائی کی جائے گی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ڈی آئی جی ساؤتھ سے تفصیلات طلب کرلیں اور کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجہ کے لئے جملہ اقدامات کئے جائیں۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ آتشزدگی واقعہ کی تفتیش اور تحقیق کی رپورٹ جلد ارسال کی جائے، زخمیوں کے بیانات سمیت جائے وقوعہ پر دستیاب شواہد کو بھی تحقیقات کا حصہ بنایا جائے۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ واقعہ کی تفتیش سے آگاہ رکھا جائے، فوری طور پر چیک کیا جائے کہ ان کے پاس لائسنس ہے یا نہیں۔
انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے کہا ہے کہ آتش بازی کے گودام میں 50 کلو سے زائد مواد رکھنے کی اجازت نہیں ہے، گودام میں غیر قانونی طور پر کافی زیادہ دھماکہ خیز مواد رکھا گیا تھا۔
عمر خطاب نے کہا کہ ماضی میں بھی گودام کے خلاف ہم کارروائی کر چکے ہیں، گودام سے دو ٹن سے زائد دھماکہ خیز مواد ملا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس گودام کو یہاں قائم کرنے کی اجازت کس نے دی اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں، یہ غفلت بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔
پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی کے باعث زخمی ہونے والے افراد کی شناخت اور کس ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
1- وسیم ولد جمعہ خان عمر 45 سال (سول ہسپتال)، 2- نوید احمد ولد عزیز الرحمان عمر 40 سال (سول ہسپتال)، 3- اختر شاہ ولد وکیل شاہ عمر 30 سال (سول ہسپتال)، 4- خوشی محمد ولد قیوم خان عمر 40 سال (سول ہسپتال)، 5- ریحان ولد عاقب عمر 18 سال (سول ہسپتال)۔
6- شاہ میر ولد شہزاد عمر 20 سال (سول ہسپتال)، 7- رحمان ولد عاقب عمر 17 سال (سول ہسپتال)، 8- جاوید ولد مقبول عمر 65 سال(سول ہسپتال)، 9- فاروق ولد اشرف عمر 35 سال (سول ہسپتال)، 10- محمد اقبال ولد نعمت اللہ عمر 60 سال (سول ہسپتال)، 11- محمد رفیق ولد عامر بخش عمر 60 سال (سول ہسپتال)۔
12- وجے ولد کومل عمر 19 سال (جناح ہسپتال)، 13- فدا حسین ولد سلطان عمر 35 سال (جناح ہسپتال)، 14- ارشد ولد حسین اشرف عمر 30 سال (جناح ہسپتال)، 15- عدنان ولد حامد عمر 28 سال (جناح ہسپتال)، 16- دین محمد ولد حاشر عمر 25 سال (جناح ہسپتال)۔
17- یکدیش کمار ولد بہار چن عمر 40 سال (جناح ہسپتال)، 18- ایوب ولد عثمان عمر 45 سال (جناح ہسپتال)، 19- عابد ولد محمد سلمان عمر 40 سال (جناح ہسپتال)، 20- حنیف ولد عثمان عمر42 سال (جناح ہسپتال)، 21- سعید ولد فرید احمد 50 سال (جناح ہسپتال)۔
22- محمد سلیم ولد حسین عمر 48 سال (جناح ہسپتال)، 23- کاشف ولد منظور عمر 32 سال (جناح ہسپتال)، 24- عمار ولد زلفقار عمر25 سال (جناح ہسپتال)، 25- حماد ولد معوز عمر 23 سال (جناح ہسپتال)، 26- نزاکت ولد حسین عمر 29 سال (جناح ہسپتال)، 27- عارف ولد محمد ہارون عمر 24سال (جناح ہسپتال)۔