
لندن(اے ون نیوز)برطانیہ کی ایک عدالت نے بدھ کے روز ’گرومنگ گینگ‘ کے 7 ارکان کو 2 نوعمر لڑکیوں کو ’جنسی غلام‘ کے طور پر استعمال کرنے پر 12 سے 35 سال کے درمیان قید کی سزا سنا دی، جو دہائیوں سے جاری اسکینڈل کی تازہ ترین سزا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیائی نسل کے ان مردوں نے شمال مغربی انگلینڈ میں مانچسٹر کے قریب روچڈیل میں کم از کم 2 کمزور سفید فام نوعمر لڑکیوں کی پرورش کی، اور پھر 2001 سے شروع ہونے والے 5 سال کے عرصے میں ان کے ساتھ بار بار عصمت دری کی۔
مانچسٹر میں ان کے 4 ماہ کے مقدمے کی سماعت کرنے والی جیوری نے جون میں تمام ساتوں ملزمان کو عصمت دری اور دیگر درجنوں جرائم کا مجرم قرار دیا تھا، جب دونوں متاثرین نے عدالت میں ثبوت پیش کیے تھے،ججوں نے سنا کہ انہیں ’ایک ہی دن متعدد مردوں کے ساتھ، گندے فلیٹوں میں اور گندے گدوں پر‘ جنسی تعلقات قائم کرنے پر مجبور کیا گیا تھا۔
35 سال کی طویل ترین سزا مارکیٹ میں اسٹال لگانے والے 65 سالہ محمد زاہد کو ہوئی، جو خود 3 بچوں کا باپ ہے، اور اس نے مستقل بنیادوں پر جنسی تعلقات بنانے کے بدلے متاثرہ لڑکیوں کو مفت زیر جامہ، پیسے، کھانے پینے کا سامان بھی دیا۔
مانچسٹر کا یہ رہائشی 20 جرائم کا مجرم قرار پایا، جس میں عصمت دری، ایک بچے کے ساتھ بے حیائی، اور لڑکی کے ساتھ غیر قانونی جنسی تعلق حاصل کرنے کی کوشش شامل تھی۔
روچڈیل مارکیٹ میں ہی کام کرنے والے 67 سالہ تاجر مشتاق احمد اور 50 سالہ کاسر بشیر کو بالترتیب 27 سال اور 29 سال قید کی سزا سنائی گئی،
ان دونوں کا تعلق اولڈہم سے ہے، دونوں کو ایک بچے کے ساتھ عصمت دری اور بے حیائی سمیت جرائم میں سزا سنائی گئی۔
مقدمے کی سماعت شروع ہونے سے پہلے ہی مفرور ہو جانے والے بشیر کو غیر حاضری میں سزا سنائی گئی۔