پشاور پولیس کی بڑی کارروائی، دہشت گردی سمیت سنگین جرائم میں مطلوب ملزم ساتھیوں سمیت ہلاک

پشاور(اے ون نیوز) پشاور پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران دہشت گردی، قتل، اقدامِ قتل، بھتہ خوری اور پولیس پر حملوں سمیت 13 سنگین مقدمات میں مطلوب خطرناک مجرم آدم عرف آدمے کو تین ساتھیوں سمیت ہلاک کردیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی گزشتہ شب پنڈی واہ کے علاقے کوہستان کالونی میں کی گئی، جہاں ملزم طویل عرصے سے روپوش تھا۔
ترجمان پشاور پولیس کے مطابق پولیس ٹیم نے تین گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے میں انتہائی خطرناک گروہ کو انجام تک پہنچایا۔
ہلاک ہونے والا ملزم آدم عرف آدمے نہ صرف متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا بلکہ اس نے سوشل میڈیا پر بھی پولیس افسران کو کھلے عام چیلنج کیا تھا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف درج مقدمات میں سی ٹی ڈی اور مختلف تھانوں کے تحت دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری، پولیس پر حملہ اور شہریوں سے لوٹ مار کے کیسز شامل تھے۔ اس کے علاوہ ملزم کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت بھی تین مقدمات درج تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم آدم عرف آدمے اور اس کے ساتھی شہریوں، تاجروں اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے لیے سرگرم تھے۔ متعدد کارروائیوں کے دوران اس گروہ نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکاروں کو زخمی بھی کیا۔
ترجمان پشاور پولیس نے بتایا کہ ’’آدم عرف آدمے پولیس کو طویل عرصے سے مطلوب تھا، جو سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور پیغامات کے ذریعے پولیس کو للکارتا اور خوف پھیلاتا تھا۔ آج کی کارروائی کے بعد پشاور میں امن و امان کے لیے ایک بڑا خطرہ ختم ہوگیا ہے۔‘‘
پشاور پولیس حکام نے اس کامیاب آپریشن پر ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کی کارروائیاں اسی عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔