اہم خبریںتازہ تریندنیا

ترک صدر کا نیتن یاہو کی موجودگی میں مصر میں لینڈ کرنے سے انکار، طیارہ بحیرۂ احمر پر چکر لگاتا رہا

قاہرہ (اے ون نیوز) ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کی ممکنہ شرکت کی اطلاع پر مصر میں ہونے والے شرم الشیخ امن کانفرنس میں اترنے سے انکار کر دیا۔

’’سی این این ترک‘‘ کے مطابق اردوان کا طیارہ کافی دیر تک بحیرۂ احمر کے اوپر چکر لگاتا رہا اور اس وقت ہی قاہرہ میں لینڈ کیا جب نیتن یاہو کی شرکت منسوخ ہونے کی تصدیق ہوئی۔ ترک صدر نے واضح کر دیا تھا کہ وہ کسی ایسی کانفرنس میں شریک نہیں ہوں گے جس میں نیتن یاہو موجود ہو۔

یاد رہے کہ شرم الشیخ میں غزہ میں امن کے حوالے سے بین الاقوامی سربراہی اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں متعدد ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ حکام شریک ہیں۔

قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی، اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم، بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور فلسطینی صدر محمود عباس کو مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے اجلاس کے آغاز سے قبل خوش آمدید کہا۔

اجلاس میں شریک دیگر عالمی رہنماؤں میں فرانس کے صدر ایمانویل میکرون، انڈونیشیا کے صدر پروبووو سوبیانتو، جرمنی کے چانسلر فریڈرک مرز، اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی، پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان شامل ہیں۔

سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط بھی اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچ چکے ہیں۔

اس کے علاوہ برطانیہ کے وزیر اعظم کیئر اسٹارمر، کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی، یونان کے وزیر اعظم کریاکوس مِٹسوٹاکِس، اور فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو بھی مصری صدر کی دعوت پر اجلاس میں شریک ہوئے۔

پیراگوئے اور نیدرلینڈز کے وفود بھی شرم الشیخ پہنچے ہیں، تاہم ان کی سطحی نمائندگی کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button