اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

مسلسل پانچویں سال پاکستانی پاسپورٹ کا دنیا کے بدترین پاسپورٹس میں چوتھا نمبر

اسلام آباد(اے ون نیوز)مسلسل پانچویں سال پاکستانی پاسپورٹ کو دنیا کے بدترین پاسپورٹس میں چوتھے نمبر پر قرار دیا گیا ہے، یہ درجہ بندی ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2025 میں کی گئی ہے، جو دنیا کے 199 پاسپورٹس کو اس بنیاد پر ترتیب دیتا ہے کہ ان کے حاملین کتنے ممالک میں بغیر پیشگی ویزے کے سفر کرسکتے ہیں۔

تازہ درجہ بندی کے مطابق پاکستان کا پاسپورٹ فہرست میں یمن کے ساتھ 103 ویں نمبر پر ہے جبکہ اس سے نیچے صرف عراقی پاسپورٹ 104 ویں، شامی 105 ویں اور افغانستان کا پاسپورٹ 106 نمبر پر ہے۔

درجہ بندی کے مطابق پاکستان اور یمن کے شہری صرف 33 ممالک میں بغیر ویزے کے داخل ہو سکتے ہیں، عراق کے شہریوں کو 31 ممالک، شام کے شہریوں کو 28 اور افغانستان کے شہریوں کو صرف 26 ممالک تک رسائی حاصل ہے۔

2024 میں پاکستان کا پاسپورٹ 100 ویں نمبر پر تھا اور اس وقت 32 ممالک میں بغیر ویزے کے سفر کی اجازت دیتا تھا۔

اس بار بھی سنگاپور کا پاسپورٹ سرفہرست ہے، جس کے حاملین کو 193 ممالک میں بغیر ویزے کے داخلے کی اجازت ہے، جنوبی کوریا 190 ممالک تک ویزا فری رسائی کے ساتھ دوسرے اور جاپان 189 ممالک کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

جرمنی، اٹلی، لکسمبرگ، اسپین اور سوئٹزرلینڈ 188 مقامات تک ویزا فری رسائی کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں، جبکہ آسٹریا، بیلجیئم، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئرلینڈ اور نیدرلینڈز 187 مقامات کی رسائی کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ امریکا پہلی بار دنیا کے 10 طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست سے باہر ہو گیا ہے، امریکی پاسپورٹ اب 12 ویں نمبر پر ہے اور ملائیشیا کے برابر ہے، جس سے 180 ممالک میں بغیر ویزے کے سفر ممکن ہے۔

اسی طرح برطانوی پاسپورٹ بھی اپنی تاریخ کی کم ترین پوزیشن پر پہنچ گیا ہے، جو جولائی سے چھٹے نمبر سے آٹھویں نمبر پر گر گیا ہے، حالانکہ 2015 میں وہ فہرست میں پہلے نمبر پر تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button