
واشنگٹن(اے ون نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر حالیہ کشیدگی میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کے 7 طیارے گرنےکا ذکر کردیا۔
امریکی صدر نے اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 8 جنگیں رکوا چکا ہوں۔ بھارت اور پاکستان جوہری جنگ کے بہت قریب تھے، پاک بھارت جنگ میں 7 طیارے گرائے گئے تھے۔
صدر ٹرمپ کاکہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مجھے کہا کہ آپ نے لاکھوں زندگیاں بچائی ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم کا اشارہ اُس ممکنہ ایٹمی جنگ کی جانب تھا جو بھارت اور پاکستان کے درمیان چھڑنے کے قریب تھی۔
امریکی صدر نے گفتگو کے دوران بھارت کی جانب سے روس سے تیل کی خریداری کا بھی ذکر کیا۔
ڈونلڈٹرمپ نےکہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مجھے روس سے تیل نہ خریدنے کی یقین دہانی کرائی ہے، خوش نہیں تھا کہ بھارت روس سے تیل خریدے مگر اب یہ معاملہ طے ہوگیا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ چاہتے ہیں حماس غیر مسلح ہو، حماس کو غیر مسلح کرنے کےلیے امریکی فوج کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تجارتی جنگ جاری ہے، یوکرین جنگ بھی ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔