
اسلام آباد(اے ون نیوز)الیکشن کمیشن میں سیاسی اتحاد کی رجسٹریشن درخواست پر سماعت کے دوران تینوں درخواست گزاروں نے درخواست سے لاتعلقی کااظہار کردیا۔ممبر پنجاب نے کہاکہ اس درخواست کا فرانزک ہونا چاہیے،لیگل ایڈوائزر سے مشورہ کریں، غلطی سے درخواست دی تو معافی مانگ لیں۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے نام سے نئے سیاسی اتحاد کی رجسٹریشن کے معاملے پرالیکشن کمیشن میں درخواست پر سماعت ہوئی،ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی۔
درخواست میں مشترکہ انتخابی نشان الاٹ کرنے کی استدعا کی گئی،تینوں درخواست گزاروں نے درخواست سے لاتعلقی کااظہار کردیا۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے ریکارڈ کی فراہمی کی درخواست دائر کردی۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین کے نام سے محمود اچکزئی کی سربراہی میں اتحاد قائم ہوا۔
ممبر پنجاب نے کہاکہ خود سے تو نوٹس جاری نہیں کیا، کسی نے تو درخواست دی ہوگی،الیکشن کمیشن حکام نے کہاکہ درخواست پاکستان امن تحریک کے لیٹر ہیڈ پر موصول ہوئی۔
ممبر پنجاب نے کہاکہ اس درخواست کا فرانزک ہونا چاہیے،لیگل ایڈوائزر سے مشورہ کریں، غلطی سے درخواست دی تو معافی مانگ لیں۔الیکشن کمیشن نے کہاکہ اگر اب ڈر گئے ہیں تو درخواست واپس لیں، ورنہ کارروائی ہوگی۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے درخواست مسترد کرنے کی استدعا کردی۔الیکشن کمیشن نے درخواست گزاروں سے تحریری بیانات طلب کرلیے،ممبر بلوچستان نے کہاکہ الیکشن کمیشن مناسب حکم جاری کرے گا۔