
لاہور(اے ون نیوز)بسنت سے پہلے ہی لاہور کی سڑکوں پر خون کی ہولی.
لاہور میں پتنگ بازی نے ایک اور جان لے لی، ڈور پھرنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈور پھرنے کا واقعہ تھانہ نواں کوٹ کے علاقے میں پیش آیا، مزنگ کا رہائشی نوجوان گھر واپس جا رہا تھا کہ گلے پر ڈور پھر گئی۔
ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ ڈور پھرنے سے 21 سالہ موٹر سائیکل سوار نوجوان محمد یوسف کی گردن کٹ گئی، محمد یوسف کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا لیکن راستے میں دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق یوسف میڈیکل ریپ تھا، مرحوم گھر کا بڑا بیٹا اور خودکفیل تھا، مرحوم کا ایک چھوٹا بھائی اور دو بہنیں ہیں۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لے کر سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو پتنگ بازی میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار نوجوان کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار جبکہ سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا ہے، انہوں نے غیر قانونی پتنگ بازی کے واقعہ پر سخت غم وغصہ کا اظہار بھی کیا۔
مریم نواز شریف نے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی۔