
لاہور(اے ون نیوز)چوہنگ پولیس نے نقب زنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 5 رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا جس میں حاضر سروس اور برطرف پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
ایس پی صدر ڈویژن رانا حسین طاہر کے مطابق ملزمان سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا، نقدی اور دیگر اشیاء برآمد ہوئیں۔ ملزمان نے دوران تفتیش کروڑوں روپے مالیت کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، ملزمان کی وارداتیں کرتے ہوئے فوٹیجز بھی سامنے آئی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق گینگ میں شامل کانسٹیبل علی حیدر اے آر ایف میں تعینات ہے جبکہ ملزم راحت علی سابقہ پولیس اہلکار ہے جسے کچھ عرصہ قبل برطرف کیا گیا تھا، دیگر گرفتار ملزمان میں علی، فیصل اور سلیم شامل ہیں۔
چوہنگ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور فوٹیجز کی مدد سے گینگ کو گرفتار کیا، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے متحرک گینگ کی گرفتاری پر ایس پی صدر ڈویژن رانا حسین طاہر اور ایس ایچ او چوہنگ انسپکٹر محمد رضا کو تعریفی اسناد و انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔



