
نیویارک (اے ون نیوز) ڈیموکریٹک امیدوارزہران ممدانی نیویارک کے میئرکا الیکشن جیت گئے ہیں، وہ شہر کے پہلے مسلمان اور جنوبی ایشیائی میئر ہوں گے۔
34 سالہ ممدانی 100 سال سے بھی زائد عرصے میں شہر کے سب سے کم عمر میئر ہوں گے۔ اس سے قبل نیو یارک سٹی بورڈ آف الیکشنز نے ایکس اکاؤنٹ پر جاری ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ اس دفعہ الیکشن میں ووٹر ٹرن آؤٹ پانچ دہائیوں میں سب سے زیادہ عرصے رہا ہے۔
مامدانی کے ریپبلکن حریف کرٹس سلیوا نے نیویارک کے میئر کی دوڑ میں اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے منگل کی رات اپنے حامیوں کے ایک گروپ کو بتایا، ’ایک میئر منتخب ہو چکا ہے، ظاہر ہے میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کروں گا کیونکہ اگر وہ اچھا کام کریں گے تو یہ ہم سب کے لیے بھی اچھا ہو گا۔‘
زہران ممدانی کے نیویارک شہر کے میئر منتخب ہونے کی خبر کے بعد سابق امریکی صدر براک اوباما نے ’آج رات جیتنے والے تمام ڈیموکریٹک امیدواروں‘ کو مبارکباد دی ہے۔
اوباما نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا، ’یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب بھی ہم کسی مضبوط، مستقبل کی جانب دیکھنے والے رہنماؤں کے ارد گرد اکٹھے ہوتے ہیں جو لوگوں کے مسائل کا خیال رکھتے ہیں، تو ہم جیت سکتے ہیں ، ہمیں ابھی بھی کافی کام کرنا ہے، لیکن اب مستقبل تھوڑا سا روشن نظر آ رہا ہے۔‘




