اہم خبریںپاکستانتازہ ترینکھیل

سری لنکن ٹیم کے 8 کھلاڑیوں کا فوری پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ

راولپنڈی (اے ون نیوز) سری لنکن ٹیم کے 8 کھلاڑیوں کا فوری پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ، دورہ پاکستان کیلئے راولپنڈی میں موجود لنکن ٹیم کے کھلاڑی جمعرات کے روز اپنے ملک کیلئے روانہ ہو جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاک سری لنکا سیریز کی تکمیل کھٹائی میں پڑ گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے خود کش حملے کے بعد بیشتر سری لنکن کرکٹرز پاکستان میں مزید قیام کیلئے راضی نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق 8 سری لنکن کرکٹرز کی جمعرات کے روز سری لنکا واپسی کا امکان ہے، اسی باعث پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ اور سیریز کے بقیہ میچز کا انعقاد کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے بقیہ میچز اور ٹرائی سیریز ری شیڈول ہونے کا امکان ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی سری لنکن کرکٹرز سے ملاقات کر کے ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

جبکہ ذرائع کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان ادھورا چھوڑنے والے کرکٹرز پر 2 سال کی پابندی لگے گی۔

اس تمام صورتحال سے قبل بدھ کے روز وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل (ر) فریڈ سری ویراتنے نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات میں سری لنکا اور پاکستان کرکٹ ٹیموں کے مینجرز، پی سی بی کے سی او او سمیر احمد، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی موجود تھے۔

اس موقع پر چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس نے سری لنکن ہائی کمشنر کو سری لنکا کرکٹ ٹیم کو فراہم کی گئی سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

سری لنکن ہائی کمشنر نے اسلام آباد میں حالیہ دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور حکومتِ پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی پاکستان کے اسٹیٹ گیسٹ ہیں، اور ان کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہمان کھلاڑیوں کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سری لنکا کے ہائی کمشنر نے پاکستان کی جانب سے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button