
لندن(اے ون نیوز)دنیا بھر کے مختلف رہنماؤں نے سڈنی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سڈنی کے بونڈائی بیچ پر پیش آنے والے واقعے کو ہولناک قرار دیدیا۔
ایک بیان میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ سڈنی حملے پر شدید خوفزدہ ہوں اور اس کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔
آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے اپنے بیان میں سڈنی واقعے کو ناقابل برداشت قرار دیا، انہوں نے اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہونے کی یقین دہانی کراتے ہوئےکہا کہ ان کے ملک میں شہریوں کو عبادت، تعلیم، کام اور پرامن زندگی گزارنے کا پورا حق حاصل ہے۔
آسٹریلوی وزیراعظم نے لوگوں کی حفاظت اور سڈنی واقعے کے خلاف اقدامات اور تمام وسائل بروئے کار لانے کا اعلان کیا۔
برطانوی وزیر اعظم سر کیئر ا سٹارمر نے کہا کہ آسٹریلیا سے انتہائی تشویشناک خبریں موصول ہوئیں۔ ہم تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے بھی واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سڈنی میں دہشت گردانہ حملےپر وہ شدید افسردہ اور صدمے میں ہیں۔
فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کاکہنا تھا کہ یہود دشمنی واقعات کےخلاف مسلسل لڑتے رہیں گے ۔
خیال رہےکہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے۔




