
لاہور(اے ون نیوز)چند ماہ قبل اچھرہ میں ایک سونے کا تاجر اپنے ساتھی تاجروں کا کروڑوں کا سونا اور کمیٹیاں لے کر غائب ہو گیا تھا.
تفصیلات کے مطابق ایک فون کال جو پولیس کو کروڑوں کے فراڈ کے ملزم تک لے گئی۔
یہ ایک معمول کی کال تھی،ہم شاید روزانہ ایسی درجنوں کالز کرتے ہیں، مگر یہ کال آنے والے دنوں میں کتنی اہمیت اختیار کرے گی اس کا علم نہ کال کرنے والے کو تھا اور نہ کال سننے والوں کو، کال کی گئی سنی گئی اور پھر چند ہی گھنٹوں بعد پولیس کال کرنے والے دروازکے باہر کھڑی تھی۔
یہ داستان ہے لاہور کے اچھرہ فراڈ کے مرکزی ملزم شیخ وسیم اختر کی گرفتاری کی، دروازے پر دستک کے بعد شہری نے جب دروازہ کھولاتو سامنے پولیس کو دیکھ کر وہ ششد ر رہ گیا کہ پولیس کی اتنی بھاری نفری اس کے دروازے پر کیوں کھڑی ہے؟
پولیس نے شہری سے اس کا موبائل فون مانگا تو شہری نے بتایا کہ یہ موبائل تو اس نے چند روز قبل دوکان سے خریدا ہے اور اس کی رسید بھی موجود ہے۔پولیس نے نوجوان سے کہا ہمیں دوکاندار تک پہنچا دیں،پولیس چند ہی لمحات کے بعد اس دوکان کے باہر کھڑی تھی جہاں چند روز قبل دو موبائل فون فروخت کیے گئے تھے۔
دوکاندار نے بتایا کہ یہ موبائل تو چند ہفتے قبل فروخت ہوئے ہیں،رسید، سی سی ٹی وی سب ریکارڈموجود ہے۔پولیس نے فوری سی سی ٹی وی ریکارڈ نکلوایا تو تصدیق ہوگئی کہ موبائل فون فروخت کرنے والا کوئی اور نہیں بلکہ لاہور کے علاقہ اچھرہ کی گولڈ مارکیٹ کے تاجروں اور اپنی سوتیلی والدہ سے کروڑوں کا فراڈ کرنے والا ملزم شیخ وسیم اختر ہے۔
پولیس کو جہاں رسی کا ایک سرا ملا مگر بدقسمتی یہ تھی کہ یہ رسی بہت چھوٹی تھی اور ملزم اسوقت کہاں ہے وہاں تک نہیں پہنچا پارہی تھی،اس دوران دوکاندار نے اچناک انکشاف کیا کہ شہری نے دو موبائل فروخت کئیے تو دو خریدے بھی تھے یہ سنتے ہی پولیس افسر کی آنکھیں دوبارہ ایسے کھلیں جیسے اندھیرے میں کسی چیز کو دیکھنے کی کوشش کے دوران آنکھیں مکمل کھلتی ہیں۔
پولیس کو رسی کا ایسا سرا مل گیا جو اسے ملزم تک لے گیا، پولیس نے فوری طور پر ان موبائل فون نمبرز کے IMEI نمبرز حاصل کئیے اور پھر ان نمبرز کی بدولت پولیس اگلے چند روز میں مرکزی ملزم شیخ وسیم اختر کے دروازے کے باہر کھڑی تھی۔
ملزم کے خلاف لاہور کے تھانہ اچھرہ میں فراڈ اور غبن کے دس مقدمات درج ہیں،ملزم اپنی والدہ سمیت سونے کے تاجروں سے 16 کروڑ سے زائد کا فراڈ کرکے فرار ہوا تھا اور پولیس گزشتہ دو ماہ سے اسے تلاش کررہی تھی۔




