
واشنگٹن(اے ون نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ٹیلی فون پر گفتگو کے انڈیا کے ساتھ تجارتی معاہدے کا اعلان کر دیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نئی دہلی نے روس سے تیل خریدنا بند کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور اس کے بجائے ممکن ہے کہ وینزویلا سے تیل خریدے۔
ٹرمپ نے کہا کہ وزیرِ اعظم مودی کے ساتھ دوستی اور احترام کے تحت امریکہ اپنی ٹیرف کی شرح 25 فیصد سے کم کر کے 18 فیصد کر دے گا، جبکہ انڈیا امریکی اشیا پر عائد محصولات صفر کر دے گا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’مودی نے امریکہ سے توانائی، ٹیکنالوجی، زرعی اور دیگر مصنوعات کی مد میں 500 ارب ڈالر سے زائد کی خریداری کا بھی عہد کیا ہے۔‘
وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے اے ایف پی کو بتایا کہ روسی تیل کی خریداری پر انڈیا پر عائد کیا گیا اضافی 25 فیصد ٹیرف بھی ختم کر دیا جائے گا، کیونکہ انڈیا نے اس کی خریداری بند کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
امریکی صدر کئی ماہ سے نئی دہلی پر زور دے رہے تھے کہ وہ روسی تیل پر انحصار ختم کرے، کیونکہ وہ یوکرین میں جنگ بندی کے خواہاں ہیں، اور اسی تناظر میں ٹرمپ نے گزشتہ سال انڈیا پر اضافی محصولات عائد کیے تھے۔
صدر ٹرمپ نے کہا، ’وزیرِ اعظم مودی کے ساتھ دوستی اور احترام کے جذبے کے تحت، اور ان کی درخواست پر، ہم نے فوری طور پر امریکہ اور انڈیا کے درمیان ایک تجارتی معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔‘
نریندر مودی کو ’عظیم ترین دوستوں میں سے ایک‘ قرار دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ’انہوں نے روسی تیل کی خریداری بند کرنے اور امریکہ سے، اور ممکنہ طور پر وینزویلا سے، کہیں زیادہ تیل خریدنے پر اتفاق کیا ہے۔‘
امریکہ اس وقت وینزویلا کی تیل برآمدات کی مؤثر نگرانی کر رہا ہے، کیونکہ اس نے جنوری میں ایک فوجی کارروائی کے ذریعے جنوبی امریکی ملک کے رہنما نکولس مادورو کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے گزشتہ سال اپنی نام نہاد ’لبریشن ڈے‘ ٹیرف مہم کے دوران دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک انڈیا پر 25 فیصد باہمی محصولات عائد کیے تھے۔
بعد ازاں، روسی تیل کی خریداری کے باعث انڈیا پر مزید 25 فیصد ٹیرف بھی لگا دیا گیا تھا۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز کہا کہ ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ایک ’شاندار‘ ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، اور انہوں نے انڈین مصنوعات پر محصولات کم کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔
ایکس پر اپنی پوسٹ میں نریندر مودی نے کہا، ’آج میرے عزیز دوست صدر ٹرمپ سے بات کر کے خوشی ہوئی۔ اس بات پر خوشی ہے کہ اب میڈ اِن انڈیا مصنوعات پر ٹیرف کم ہو کر 18 فیصد ہو جائے گا۔‘
وزیراعظم مودی کی پوسٹ میں صدر ٹرمپ کے اس دعوے کا کوئی ذکر نہیں تھا کہ انڈیا امریکی مصنوعات پر محصولات صفر کر دے گا اور روسی تیل کی خریداری بند کر دے گا۔




