
اسلام آباد(اے ون نیوز)حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام پر بجلی گرا دی،فکسڈ چارجز لگا کر غریبوں کو زندہ درگور کر دیا.
اے ون ٹی وی کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے وزارت توانائی کی درخواست منظور کرتے ہوئے بجلی صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کرنے کی منظوری دے دی۔
نیپرا نے پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کرنے کی منظوری دی ہے، یہ پہلی بار ہے جس میں ماہانہ 300 یونٹ تک کے گھریلو صارفین پر فکسڈ چارجز لگائے گئے ہیں، قبل ازیں ماہانہ 300 یونٹ تک گھریلو صارفین پر فکسڈ چارجز لاگو نہیں تھے۔
اس منظوری کے بعد اب سے ماہانہ 100 یونٹ تک کے پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر 200 روپے فکسڈ چارجز لگیں گے، ماہانہ 200 یونٹ تک کے پروٹیکٹڈ صارفین پر 300 روپے فکسڈ چارجز ہوں گے۔
ماہانہ 100 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 275 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز لگیں گے، ماہانہ 200 یونٹ تک کے نان پروٹیکڈ صارفین پر 300 روپے فکسڈ چارجز ہوں گے۔
اسی طرح ماہانہ 300 یونٹ تک استعمال کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 350 روپے فکسڈ چارجز لگیں گے، ماہانہ 400 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز 200 روپے اضافے سے 400 روپے اور ماہانہ 500 یونٹ کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 100روپے اضافے سے فکسڈ چارجز 500 روپے ہوجائیں گے۔
ماہانہ 600 یونٹ کے استعمال پر فکسڈ چارجز 75 روپے اضافے سے 675 روپے ہوجائیں گے، ماہانہ 700 یونٹ تک فکسڈ چارجز 125 روپے کمی سے 675 روپے ہوجائیں گے، ماہانہ 700 یونٹ سے زائد پر فکسڈ چارجز 325 روپے کمی سے 675 روپے ہوجائیں گے۔
نیپرا کے فیصلے کے مطابق ماہانہ 301 یونٹ سے زائد پر بجلی ایک روپے 53 تک سستی کرنے کی درخواست بھی منظورکرلی گئی ہے۔
ماہانہ 301 سے 400 یونٹ تک کے گھریلو صارفین کے لیے ایک روپے 53 پیسے کمی کی منظوری دی گئی جبکہ ماہانہ 500 یونٹ تک بجلی استعمال پر فی یونٹ میں ایک روپے 25 پیسے کمی ہوگی۔
ماہانہ 600 یونٹ تک کے فی یونٹ پر ایک روپے 40 پیسے کمی ہوگی۔ ماہانہ 700 یونٹ تک گھریلو صارفین کے لیے فی یونٹ میں 91 پیسے کمی ہوگی، ماہانہ 700 یونٹ سے زائد کے استعمال پر 49 پیسے فی یونٹ کمی ہوگی۔
فیصلے کے مطابق کمرشل صارفین کے لیے ایک روپے 15پیسے فی یونٹ کم ہوگی۔ صنعتی شعبے کے لیے فی یونٹ بجلی 5 روپے تک سستی کرنے کی منظوری دی گئی۔
نیپرا نے فیصلہ نوٹی فکیشن جاری کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو ارسال کردیا ہے۔




