
لاہور( اے ون نیوز ) سوشل میڈیا پر بہت زیادہ ڈسکس ہونے والی شادی دو ماہ میں ہی انجام کو پہنچ گئی۔
سوشل میڈیا پرسنلیٹی ماہرِ نفسیات نبیہہ خان نے نجی ٹی وی پر آ کر پہلی مرتبہ اپنی ازدواجی زندگی کی دردناک کہانی بیان کر دی۔
نبیہہ نے رمضان ٹرانسمیشن نورِ رمضان میں انکشاف کیا کہ سوشل میڈیا انفلوئنسر حارث کھوکھر سے شادی ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔نبیہہ علی خان کے مطابق شادی کے دو ماہ میں ہی انہیں شدید ذہنی ٹارچر، الزامات، پابندیوں اور تضحیک کا سامنا کرنا پڑا۔ یہاں تک کہ ان کے شوہر نے خود اعتراف کیا کہ اس نے محبت نہیں بلکہ شہرت کے لالچ میں شادی کی تھی تاکہ بعد میں انہیں بدنام کیا جا سکےکہ ڈاکٹر نبیہہ علی خان گھر نہیں بسا سکتی ۔
نبیہہ علی خان نے رمضان ٹرانسمیشن نورِ رمضان میں روتے ہوئے بتایا کہ شادی کے بعد ان کی زندگی مسلسل کرب اور اذیت کا شکار رہی۔ انہیں اپنے بیڈروم کا دروازہ بند کرنے کی اجازت نہیں تھی، نہ شوہر کے ساتھ سکون سے بیٹھ کر کھانا کھانے دیا جاتا تھا۔ ہر بات پر شک کیا جاتا.
انہیں غلط ثابت کر کے ذلیل کیا جاتا اور سنگین الزامات لگائے جاتے۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص کے ساتھ ایک پلیٹ میں کھانا کھایا، اسی نے بعد میں ایسا اذیت ناک رویہ اختیار کیا کہ ان کی زندگی جہنم بن گئی۔ ساس کے رویے نے بھی ان کی زندگی کو عذاب بنا دیا۔ شوہر ہر معاملے میں اپنی ماں کا ساتھ دیتا رہا اور بیوی کو تنہا چھوڑ دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنے گھر کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔ روٹیاں بنائیں، برتن دھوئے، صفائیاں کیں اور ہر ذمہ داری نبھائی، لیکن اس کے باوجود انہیں عزت نہ ملی بلکہ بے عزت کر کے گھر سے نکال دیا گیا۔ نبیہہ نے مزید بتایا کہ شوہر اور سسرال والوں نے انہیں ذہنی اذیت بھی دی اور دھمکیاں بھی دیں، یہاں تک کہ انہیں اپنی جان کا خطرہ محسوس ہونے لگا۔ وہ شدید ظلم، تنہائی اور ڈپریشن کا شکار ہو گئیں۔
مسلسل ذہنی دباؤ کی وجہ سے ان کی صحت متاثر ہوئی، سر درد اور بے سکونی ان کی زندگی کا حصہ بن گئی۔نبیہہ علی خان نے کہا کہ ان کے شوہر نے انہیں بیوی نہیں بلکہ استعمال ہونے والی چیز سمجھا، اپنے نام کی مہر لگائی اور پھر بے رحمی سے چھوڑ دیا۔
نبیہہ نے الزام لگایا کہ ان کے شوہر کا رویہ شک، الزام تراشی اور تضحیک پر مبنی تھا جس نے ان کے گھر کو شک کے زہر سے برباد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی عورت خوشی سے اپنا گھر خراب نہیں کرتی، بلکہ حالات اسے اس مقام تک لے آتے ہیں جہاں برداشت کی حد ختم ہو جاتی ہے۔
اس شو میں نبیہہ سے گفتگو کے دوران ان کی بپتا سنتے ہوئے میزبان فضا علی بھی جذباتی ہو گئیں اور انہوں نے ڈاکٹر نبیہہ علی خان کو گلے لگا کر دلاسہ دیا۔ نبیہہ علی خان نے کہا کہ اب وہ مزید خاموش نہیں رہیں گی، نہ ہی مزید ظلم برداشت کریں گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ حارث کھوکھر کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گی تاکہ کوئی اور خاتون اس اذیت اور دھوکے کا شکار نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب ایک مضبوط فیصلہ کرنے جا رہی ہیں کیونکہ ان کے لیے اپنی عزت، ذہنی سکون اور زندگی کا تحفظ سب سے زیادہ اہم ہے۔
ماہر نفسیات اور سکالر ڈاکٹر کاشف فراز نے کہا کہ نبیہہ علی خان کا گھر برباد ہونے سے بچانے کیلئے ہم سب کو ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے ۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گیا ہے اور صارفین اس پر شدید ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ ہ ایک وقت میں مثالی سمجھی جانے والی یہ شادی اب ایک دردناک انجام سے دوچار ہے اور تلخ حقیقت کی علامت بن چکی ہے۔




