
کابل(اے ون نیوز)پاکستان کی افغانستان میں انٹیلی جنس بیس ائیراسٹرائیکس میں الخوارج کے 7 مراکز کو تباہ کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات پاکستان کی جانب سے افغانستان میں انٹیلی جنس بیس ائیراسٹرائیکس کی گئیں۔ تین صوبوں ننگرہار، پکتیکا اورخوست میں فتنہ الخوارج اور کالعدم ٹی ٹی پی کے 7 مراکز کو تباہ کیا گیا اور کارروائی میں80 سے زائد خوارج ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ تباہ کیے گئے مراکز میں نیا مرکز نمبر ایک ننگرہار، نیا مرکز نمبردو ننگرہار خارجی مولوی عباس مرکزخوست، خارجی اسلام مرکز ننگرہار شامل ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق تباہ کیے گئے مراکز میں خارجی ابراہیم مرکزننگرہار،خارجی ملارہبرمرکزپکتیکا اور خارجی مخلص یارمرکز پکتیکا بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب فتنہ الخوارج کی جانب سے پاکستان میں کئے گئے دہشتگردی کی کارروائیوں کے جواب میں پاکستان نے افغانستان میں مختلف مقامات پر دہشتگردوں کے 7ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔
ذرائع کے مطابق افغانستان کے صوبہ پکتیا ،پکتیکا، ننگر ہار او رخوست میں جیٹ طیاروں نے بمباری کی جس دوران دہشتگردوں کو بھاری نقصانات کی اطلاعات ہیں ، دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے ملیا میٹ کر دیئے گئے ہیں ۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ پاکستان میں حالیہ خودکش حملوں میں افغانستان میں موجود دہشتگرد قیادت اور ان کے سہولت کار ملوث ہیں۔ دہشتگردوں نے حال ہی میں اسلام آباد کی امام بارگاہ، باجوڑ اور بنوں میں کارروائیاں کیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں کی ذمہ داری افغانستان میں موجود پاکستانی طالبان، فتنہ الخوارج اور اس کے اتحادیوں نے قبول کی ہے۔ پاکستان کے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ یہ دہشتگرد کارروائیاں افغانستان میں موجود قیادت کی ہدایات پر کی گئیں۔




