
ممبئی(اے ون نیوز)آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں جنوبی افریقا کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کو سیمی فائنل کے لالے پڑ گئے۔
اتوار کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں جنوبی افریقا نے بھارت کو 76 رنز سے عبرت ناک شکست دی۔
جنوبی افریقا کے 188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 111 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں رنز کے اعتبار سے بھارت کی سب سے بڑی شکست ہے۔2010 کے ورلڈکپ میں اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں 49 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس عبرتناک شکست کے بعد سپر 8 کے گروپ 1 میں شامل بھارت کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا سفر مشکل ہوگیا۔
سپر 8 کے گروپ 1 میں بھارت کے ساتھ جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے شامل ہیں اور ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔
جنوبی افریقا سے 76 رنز سے شکست کے بعد بھارت کا نیٹ رن ریٹ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس وقت بھارتی ٹیم کا نیٹ رن ریٹ منفی 3 ہے۔
جس کا مطلب یہ ہے کہ بھارت کو سپر 8 میں اپنے اگلے دونوں میچز( زمبابوے اور ویسٹ انڈیز) بڑے مارجن سے جیتنے ہیں اور اسے دوسری ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا پڑسکتا ہے۔
ممکنہ منظرنامے کے مطابق گروپ 1 میں اگر ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقا کو شکست دے، زمبابوے اپنے تمام میچز ہار جائے اور بھارت اپنے باقی دونوں میچز جیت لے، تو ایسی صورت میں 3 ٹیمیں 4، 4 پوائنٹس کے ساتھ برابر آ جائیں گی۔
اس صورتحال میں سیمی فائنل تک رسائی کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا، جس میں بھارت کی پوزیشن اس وقت کافی کمزور دکھائی دے رہی ہے۔
یعنی اب بھارت کے لیے صرف جیت کافی نہیں، بلکہ بڑے مارجن سے فتح بھی ناگزیر ہو چکی ہے۔




