
خضدار (اے ون نیوز) میدان جنگ میں بری طرح شکست کے بعد بھارت کی بزدلانہ کارروائیاں، بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں نے خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب سکول بس کو خودکش دھماکے سے نشانہ بنایا جس میں 3 بچوں سمیت 5 شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر خضدار نے کہا ہے کہ دھماکے میں 38 بچے زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو سی ایم ایچ خضدار منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم پولیس و فورسز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، مزید معلومات سامنے آنے پر میڈیا اور عوام سے شیئر کی جائیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کےعلاقے خضدار میں سکول بس پر دہشتگرد حملہ کیا گیا، بزدلانہ حملے میں سکول کے معصوم بچوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق 3 بچوں سمیت 5 افراد شیہد ہوئے، دہشتگرد حملے میں متعدد بچے زخمی بھی ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خضدار میں بزدلانہ حملے کی منصوبہ بندی دہشتگرد ریاست بھارت میں کی گئی، بلوچستان میں بھارتی پراکسیز نے اس بھیانک منصوبے کو انجام دیا، میدان جنگ میں ناکامی پر بھارت بلوچستان اور کے پی میں پراکسیز سے دہشتگردی کروا رہا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ ریاستی پالیسی کے طور پر دہشت گردی کا استعمال بھارتی سیاسی قیادت کی اخلاقی پستی اور بنیادی انسانی اقدار کی نفی کا مظہر ہے، اس بزدلانہ بھارتی سرپرستی میں کیے گئے حملے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور حملہ آوروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کے اس مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا، پاک افواج پوری پاکستانی قوم کی حمایت سے بھارتی سرپرستی میں کی جانے والی دہشت گردی کا ہر پہلو سے قلع قمع کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔