نوشہرہ،8 ماہ کی حاملہ خاتون کو نند نے زندہ جلا دیا

نوشہرہ (اے ون نیوز) 8 ماہ کی حاملہ خاتون کو نند نے زندہ جلا دیا، نوشہرہ میں پیش آنے والے لرزہ خیز واقعے کے بعد ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کے ضلع نوشہرہ میں ایک حاملہ خاتون کے قتل کی انتہائی خوفناک واردات پیش آنے کا انکشاف ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 8 ماہ کی حاملہ خاتون کو اس کی نند نے ہی مبینہ طور پر قتل کر ڈالا۔
اس حوالے سے نوشہرہ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نوشہرہ کی تحصیل پبی میں پیش آنے والے دلخراش واقعے کے دوران 8 ماہ کی حاملہ خاتون کو زندہ جلا کر قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ مقتولہ خاتون گزشتہ روز اپنے گھر سے پراسرار طور پر لاپتا ہو گئی تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ خاتون اپنی نند کے ساتھ گھر سے نکلی تھی۔
خاتون کی نند اسے ڈاکٹر کے پاس لے جانے کے بہانے گھر سے لے کر نکلی، تاہم اس کے بعد خاتون گھر واپس نہ آئی۔ پولیس کے مطابق خاتون کے لاپتہ ہو جانے کی شکایت درج کروائے جانے کے بعد پولیس کو نوشہرہ کے علاقے مسلم ٹاؤن کے قریب بابو خوڑ کے علاقے سے جلی ہوئی لاش برآمد ہوئی۔
بعد ازاں لاش کی شناخت لاپتہ حاملہ خاتون کے طور پر کر لی گئی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے مقتولہ خاتون کی نند کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کیس میں ملوث دیگر ملزمان ک گرفتار کی بھی کوششیں جاری ہیں۔