
لندن (اے ون نیوز) بانی تحریک انصاف عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان کا کہنا ہے کہ والد کو موقع دیا گیا کہ وہ اپنی باقی زندگی انگلینڈ میں ہمارے ساتھ آرام سے گزاریں، لیکن انہوں نے ایک تاریک قید خانے میں قید رہنے کو ترجیح دی، ان کی قربانی پاکستان کے لیے ہے۔
تفصیلات کے مطابق والد کی رہائی کی جدوجہد کیلئے پاکستان آنے کا اعلان کرنے کے بعد عمران خان کے صاحبزادے قسم خان کا ایک اور بیان سامنے آیا ہے۔
اپنے بیان میں قاسم خان نے کہا کہ "ہمارے والد نے اپنی زندگی کا زیادہ تر وقت پاکستان میں گزارا۔ ہم سے دور۔ اس لیے نہیں کہ اُنہیں ایسا کرنا پڑا، بلکہ اس لیے کہ انہوں نے ایک کرپٹ نظام کے خلاف کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا۔
ہمارے والد ہر روز ہمارے ساتھ ایک باپ کے طور پر موجود نہیں تھے، لیکن پاکستان کے لیے وہ ہمیشہ ایک رہنما بن کر کھڑے رہے۔ انہوں نے اس ملک کو سب کچھ دیا ہسپتال، یونیورسٹیاں، اور انصاف کی ایک تحریک۔
ہمارے والد کو پیشکش ہوئی کہ وہ اپنی باقی زندگی سکون سے گزاریں –
ہمارے ساتھ انگلینڈ میں چہل قدمی کریں یا کرکٹ کھیلیں۔ لیکن انہوں نے اس کے بجائے ایک اندھیری قید میں بند رہنے کو چُنا، اُن کی قربانی پاکستان کے لیے ہے۔ اُن کی طاقت، پاکستان کی عوام ہے۔ ”