اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پاکستان اور بنگلا دیش کا سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری پر اتفاق

ڈھاکہ(اے ون نیوز)پاکستان اور بنگلا دیش نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ویزا کے بغیر سفر کی اجازت دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔

یہ فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے بنگلہ دیشی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم چودھری کے درمیان ڈھاکہ میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ خاص طور پر اندرونی سیکیورٹی، پولیس ٹریننگ، انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ جیسے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔

فریقین نے انسداد دہشتگردی کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے اور پولیس ٹریننگ اکیڈمیوں کے درمیان تربیتی پروگرامز کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا۔

دونوں ممالک نے ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تمام باہمی تعاون کو مؤثر طریقے سے آگے بڑھایا جا سکے۔ پاکستان کی جانب سے اس کمیٹی کی قیادت وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا کریں گے۔

بنگلا دیش کا ایک وفد جلد اسلام آباد کا دورہ کرے گا، جس دوران وہ سیف سٹی پراجیکٹ اور نیشنل پولیس اکیڈمی کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے گا۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی آمد کو "دل کی گہرائیوں سے خوش آئند” قرار دیا اور کہا کہ یہ دورہ پاک-بنگلا دیش تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے پاکستانی پولیس ٹریننگ تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر دونوں ملکوں کے اعلیٰ حکام موجود تھے جن میں بنگلا دیش کے وزیر مملکت برائے داخلہ، سیکریٹری داخلہ، اور پاکستان ہائی کمیشن کے افسران شامل تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button