
اسلام آباد (اے ون نیوز) ڈی ایچ اے فیز 5 میں بارش کے بعد آنے والے سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی کی لاش دریائے سواں سے برآمد کر لی گئی ہے، تاہم ان کی بیٹی کی تلاش تاحال جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق 22 جولائی کی صبح کرنل (ر) اسحاق قاضی اور ان کی بیٹی اپنی گاڑی میں گھر سے نکلے ہی تھے کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب برساتی نالے میں اچانک سیلابی ریلے کی زد میں آگئے۔
واقعے کے بعد سے ریسکیو اداروں نے سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ گزشتہ روز گاڑی کا بونٹ اور ایک دروازہ دریائے سواں کے پل کے نیچے سے ملا تھا، جس کے بعد سرچ آپریشن دریائے سواں کے داخلی و خارجی راستوں تک بڑھا دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پانی کی سطح میں کمی کے باعث آج آپریشن مکمل ہونے کی توقع ہے، جبکہ بیٹی کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں۔