
اسلام آباد / بیجنگ (ویب ڈیسک)سپہ سالارِ پاکستان فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے اپنے دورۂ چین کے دوران اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دو طرفہ تعلقات، دفاعی شراکت داری اور علاقائی چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے چین کے نائب صدر ہان ژینگ، وزیر خارجہ وانگ ژی، اور اعلیٰ فوجی حکام سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں CPEC، دفاعی تعاون، اور خطے کے جیوپولیٹیکل چیلنجز پر مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی قیادت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی اشتراک پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ ملاقاتوں میں دہشتگردی کے خلاف مشترکہ اقدامات، انسداد ہائبرڈ وارفیئر، دفاعی ٹیکنالوجی میں تعاون، اور ادارہ جاتی روابط کو وسعت دینے پر زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ژانگ یوشیا، جنرل چن ہوئی اور لیفٹیننٹ جنرل کائی زائی جن سے ملاقاتیں کیں، جن میں دونوں افواج کے درمیان ہم آہنگی، تربیتی مشقوں، اور سکیورٹی تعاون کو مزید بہتر بنانے پر بات چیت ہوئی۔ پی ایل اے ہیڈکوارٹرز میں سپہ سالار کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے چین کی مستقل حمایت پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ پاکستان دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اسٹریٹیجک تعلقات اور خطے میں مشترکہ امن و استحکام کے لیے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے۔