
واشنگٹن(اے ون نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو تجارتی معاہدہ نہ کرنے کی صورت میں 25 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے دو طرفہ تجارتی معاہدے پر رضامندی ظاہر نہ کی تو امریکی حکومت بھارتی مصنوعات پر بھاری درآمدی ڈیوٹی نافذ کرے گی۔
صدر ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں تناؤ بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا اب ان ممالک کو مزید رعایت نہیں دے گا جو یکطرفہ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اپریل میں بھی امریکی حکومت نے بھارتی مصنوعات پر 26 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اس فیصلے پر جولائی تک عملدرآمد مؤخر کر دیا گیا تھا تاکہ مذاکرات کی گنجائش باقی رہے۔
صدر ٹرمپ نے بھارت میں ٹیسلا کے مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام کو بھی روکنے کی ہدایت دی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایپل کمپنی کو بھی خبردار کیا ہے کہ اگر اس کے آئی فونز امریکا میں تیار نہیں کیے گئے تو اسے 25 فیصد ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا میں فروخت ہونے والی مصنوعات، چاہے وہ موبائل فون ہوں یا کاریں، انہیں امریکی سرزمین پر ہی تیار کیا جانا چاہیے۔ بصورت دیگر، ان کمپنیوں کو سخت تجارتی نتائج بھگتنا ہوں گے۔
یہ دھمکی بھارت کے لیے ایک بڑا معاشی چیلنج بن سکتی ہے، کیونکہ امریکا بھارت کی برآمدات کا ایک اہم خریدار ہے۔ اس ممکنہ اقدام سے بھارت اور امریکا کے تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔