اہم خبریںپاکستانتازہ ترینتجارت

امریکہ کا عالمی تجارت پر وار، پاکستان اور بھارت سمیت 12 ممالک پر بھاری ٹیرف عائد

واشنگٹن (اے ون ٹی وی نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مختلف ممالک کی برآمدات پر نئے ٹیرف عائد کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے۔ پاکستانی برآمدات پر 19 فیصد جبکہ بھارتی برآمدات پر 25 فیصد ٹیرف لاگو کر دیا گیا ہے، جس کا اطلاق آج سے ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، امریکا نے کینیڈا پر ٹیرف 25 فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد، بنگلہ دیش پر 20 فیصد، ترکیہ اور اسرائیل پر 15 فیصد، جنوبی افریقہ پر 30 فیصد، ویتنام پر 20 فیصد، وینزویلا پر 15 فیصد، سوئٹزرلینڈ پر 39 فیصد، عراق پر 35 فیصد، جاپان پر 15 فیصد، لیبیا پر 30 فیصد اور میانمار پر 40 فیصد ٹیرف عائد کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق، یہ فیصلہ تجارتی معلومات، مشاورت اور امریکی منڈی کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ٹیرف عالمی تجارتی توازن کو بہتر بنانے اور امریکی صنعتوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے لگائے گئے ہیں۔

سینئر امریکی حکام کے مطابق، چین سے متعلق ٹیرف کا فیصلہ تاحال التواء میں ہے، جبکہ بھارت کے ساتھ اختلافات میں برکس اور روس سے متعلق جغرافیائی سیاسی عوامل بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدہ بھی طے پایا تھا، جس کا اعلان صدر ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر کیا۔ معاہدے کا مقصد باہمی تجارت کا فروغ، مارکیٹ تک رسائی، سرمایہ کاری کا اضافہ اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button