
اترکھنڈ (اے ون نیوز)بھارتی ریاست اترکھنڈ کے ضلع اتراکش میں شدید بارشوں کے باعث آنے والے کلاؤڈ برسٹ نے بڑی تباہی مچا دی ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اچانک برسنے والی موسلا دھار بارش نے ایک خوفناک سیلابی ریلے کو جنم دیا جس نے راستے میں آنے والی کئی بستیاں، مکانات اور بنیادی ڈھانچے کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
اس قدرتی آفت میں بھارتی فضائیہ کا ایک ہیلی پیڈ بھی بہہ گیا، جس کے ساتھ متعدد فوجیوں کے بہہ جانے کی اطلاعات ہیں۔ امدادی ٹیموں کی جانب سے لاپتا فوجیوں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
حکام نے کم از کم 4 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جبکہ درجنوں افراد تاحال لاپتا ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لاپتا افراد میں سے بیشتر کی زندہ حالت میں واپسی کے امکانات نہایت کم ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں فوجی ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں جبکہ تین فوجی ہیلی کاپٹر بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے مقامی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ندی نالوں اور دریا کے قریب نہ جائیں۔
سیلاب سے متعلق ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس میں پانی کی تباہ کاریوں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
https://x.com/RTEUrdu/status/1952771175345438755