لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی دارالسلطنت لندن میں پاکستانی نژاد باکسر عامر خان سے گن پوائنٹ پر ہیروں سے مزین انتہائی قیمتی گھڑی چھیننے والے ڈاکوﺅں کو قید کی سزا سنا دی گئی۔
ڈیلی سٹار کے مطابق 20سالہ ڈانٹے کیمپ بیل اور 26سالہ احمد بانا نامی ڈاکوﺅں نے اپریل 2022ءمیں واردات کی تھی۔ 36سالہ عامر خان کی اس ’فرینک ملر وینگارڈ کرونوگراف‘ گھڑی کی مالیت 72ہزار پاﺅنڈ (تقریباً ) تھی۔
عامر خان کے ساتھ یہ واردات اس وقت ہوئی جب وہ مشرقی لندن کے علاقے لیٹن میں ایک ریسٹورنٹ سے کھانا کھا کر باہر نکلے تھے۔ عدالت کی طرف سے دونوں ڈاکوﺅں کو مجموعی طور پرساڑھے 17سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔عدالت کی طرف سے کیمپ بیل کو 7سال 9ماہ اور بانا کو 9سال 8ماہ کے لیے جیل بھیجا گیا ہے۔
عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ اس واردات کے بعد سے لندن میں خود کو غیرمحفوظ سمجھنے لگے ہیں۔ اس کے بعد وہ جب بھی باہر نکلتے ہیں، انہیں ڈاکوﺅں کا دھڑکا لگا رہتا ہے۔