راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نےکہا ہےکہ سوشل میڈیا پر ہیجان، مایوسی اور افراتفری کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے ، جھوٹی خبروں سے تاثر دیا جا رہا ہے جیسے ریاست وجودکھوتی جا رہی ہے، قوم کے ساتھ مل کر ہر قسم کے مافیا کی سرکوبی کریں گے۔
نیشنل فارمرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پاکستان کے بارے میں افواہیں اور منفی باتیں بتائی جا رہی ہیں، قوم کے ساتھ مل کر ہر قسم کی مافیا کی سرکوبی کریں گے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کلمےکے نام پر دو ہی ریاستیں قائم ہوئیں، ریاست طیبہ اور پاکستان، ریاست طیبہ اور ریاست پاکستان، یہ محض اتفاق نہیں ۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے، پاکستان کے پاس، گلیشیئر، دریا، پہاڑ اور زرخیز زمین ہے، دنیا کا بہترین چاول، کینو، آم،گرینائٹ، سونا اور تانبا جیسے خزانے موجود ہیں، گرین پاکستان انیشیٹیو کا مقصد یہی ہےکہ ہمیں سب سے پہلے زراعت پرکام کرنا ہے، گرین پاکستان انیشیٹیو کی آمدن کا بڑا حصہ صوبوں کو جائےگا، باقی حصہ کسانوں اور زرعی ریسرچ کے لیے رکھا جائےگا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فوج کا گرین پاکستان انیشیٹیو میں کردار عوام اور کسانوں کی خدمت ہے، تمام اضلاع میں زرعی مالز کا انعقاد کیا جائےگا، زرعی مالز میں کسانوں کو ہر طرح کی زرعی سہولیات میسر ہوں گی، آسان زرعی قرض اور کولڈ اسٹوریج کی چین کو یقینی بنایا جائےگا، جینیٹیکلی انجینیئرڈ لائیو اسٹاک کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائےگی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ بیج کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔