اسلام آباد (اے ون نیوز)اگست میں بجلی کا بل دیکھ کر عوام کی چیخیں نکل آئیں، بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ملاکر عوام کو فی یونٹ بجلی 52 روپے تک پڑنے لگی۔
رواں ماہ کے بجلی بلوں میں صارفین پر 15روپے فی یونٹ تک کا اضافی بوجھ ڈالا گیا، یکم جولائی کوبجلی کی قیمت فی یونٹ ساڑھے 7 روپے تک بڑھائی گئی لیکن اس کی مکمل وصولی نہ ہوئی، پھراگست میں صارفین سے 2 ماہ کی یکمشت وصولی کرلی گئی۔
ایک روپے 81 پیسے فی یونٹ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ بھی وصو ل کی جارہی ہے، رہی سہی کسر بجلی پرعائد ٹیکس نے پوری کر دی، مجموعی طور پر ایک سال میں بجلی صارفین پر ڈیڑھ ہزار ارب روپے کابوجھ منتقل کر دیا گیا۔
ڈیڑھ سال کے دوران ملک میں بجلی کی قیمتوں میں 50سے 80فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں ۔ٹیرف میں 15روپے 41 پیسے اضافہ ہوگیا۔کمرشل بلز پر 78فیصد ٹیکسزجبکہ گھریلو صارفین پر ٹیکسز کی شرح 50فیصد سے زائد ہوگئی۔
گزشتہ ڈیڑھ برس میں مختلف سلیبزکا ٹیرف 50سے 80فیصد تک بڑھ چکا ہے۔ نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت 80فیصد تک بڑھی۔ 10روپے 91پیسے اضافے کے ساتھ فی یونٹ 13روپے 48پیسے سے بڑھ کر24روپے 39پیسے ہوگیا۔
دوسویونٹ تک کے بلزمیں 60فیصد اضافہ ہوا،جو یونٹ 18روپے 95پیسے کا تھا وہ 11روپے 91پیسے اضافے کے ساتھ 30 روپے 86پیسے ہوگیا۔ تین سو یونٹ والے صارفین کا ٹیرف 12روپے 91پیسے بڑھاجس سے قیمت 22روپے 14پیسے سے بڑھ کر 35روپے 4پیسے یونٹ ہوگئی۔
چارسویونٹ والوں کیلئے 14روپے 41پیسے اضافے کےساتھ فی یونٹ بجلی 39روپے 94پیسے کی ہو چکی ہے۔پانچ سو یونٹ اوراس سے اوپر بجلی استعمال کرنےوالوں کیلئے ڈیڑھ سال میں فی یونٹ 15روپے 41پیسے مہنگا ہوا ہے ۔
سا ت سو یونٹ سے اوپر والوں کا کو بجلی 50روپے 63پیسے یونٹ مل رہی ہے ۔ملک میں بجلی کی پیداوار میں جولائی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 4.9 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ۔
نیپرا کے مطابق جولائی میں ملک میں مختلف ذرائع سے 14839 گیگاواٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی جوگزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں 4.9 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جولائی میں ملک میں مختلف ذرائع سے 14151 گیگاواٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی تھی۔
اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں پن بجلی سے 5518، آر ایل این جی 2918، کوئلہ 2180، نیوکلیئر 2107 ، گیس 1129، ہوا 549، آر ایف او 295اور سولرسے 75 گیگاواٹ آورز بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی۔