اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی میں شراکت اقتدار کا معاہدہ طے پا گیا

اسلام آباد(اے ون نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن اورپاکستان پیپلزپارٹی میں شراکت اقتدار کا معاہدہ طے پا گیا ۔

معاہدہ کے مطابق صدر مملکت کا عہدہ پیپلزپارٹی کو ملے گا،وزیراعظم مسلم لیگ ن کا ہوگا،آصف علی زرداری صدر مملکت اور شہبازشریف وزیراعظم ہوں گے۔

قومی اسمبلی کا اسپیکر مسلم لیگ ن، چیئرمین سینٹ پیپلزپارٹی سے ہوگا،پاکستان پیپلزپارٹی وفاقی کابینہ میں شامل نہیں ہوگی۔

لوگوں کی توقعات پر پورا اتریں گے،مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی قیادت کا اتفاق۔

شہباز شریف وزیر اعظم اور آصف زرداری صدر مملکت ہوں گے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں حکومت سازی کے حوالے سے معاملات طے پا گئے۔

بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا وفد مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے مذاکرات کیلئے اسلام آباد میں واقع اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر پہنچا، اس موقع پر مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ، احسن اقبال اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

دونوں سیاسی جماعتوں کے قائدین کی ملاقات کے دوران آصف علی زرداری کو صدر مملکت بنانے اور وزیر اعظم کا منصب شہباز شریف کو دینے پر اتفاق کیا گیا، سپیکر قومی اسمبلی مسلم لیگ (ن) اور سینیٹ کی چیئرمین شپ پیپلز پارٹی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے نمبرز پورے ہو گئے اور اب ہم حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں، سنی اتحاد کونسل کے پاس حکومت بنانے کے نمبرز موجود نہیں، شہباز شریف ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم بنیں گے، وزیر اعظم کے بعد صدر کا الیکشن ہو گا اس میں آصف زرداری ہمارے مشترکہ امیدوار ہوں گے، مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کریگی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کسی وزارت کا مطالبہ نہیں کیا، امید ہے کہ اس خوشخبری کے بعد سٹاک مارکیٹ میں بھی بہتری آئے گی، ہم سب کی دعا ہے کہ حکومت کامیاب ہو اور ہم ملک کو اندرونی ، بیرونی مسائل اور معاشی مشکلات سے نکالنے میں کامیاب ہوں، ہم مل کر مسائل کا مقابلہ کریں گے اور ہماری کوشش ہو گی کہ عوام کی امیدوں کے مطابق پرفارم کریں۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری یہ جستجو پاکستان کے عوام اور آنے والی نسلوں کیلئے ہے، اسی بنیاد پر ہم ملے ہیں کہ کسی طرح پاکستان کو مشکلات سے نکال کر آنے والی نسلوں کیلئے کامیاب کریں، آپ دعا کریں کہ ہم سب کامیاب ہو سکیں۔

سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے نامزد کرنے پر پیپلز پارٹی سمیت تمام اتحادی جماعتوں کا شکر گزار ہوں، اس اتحاد میں نوجوان اور بزرگ بھی ہیں، جب نوجوان اور تجربہ مل جاتے ہیں تو بہت بڑی طاقت بن جاتے ہیں، چند دن پہلے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے زعما نے آزاد ممبرز کو پیغام دیا تھا کہ وہ حکومت بنا سکتے ہیں تو بنائیں ہم ان کو کھلے دل سے قبول کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ اگر وہ حکومت بناتے ہیں تو ہم آئین کے مطابق باقاعدہ طور پر اپوزیشن بنچز پر بیٹھیں گے، آزاد ممبرز نے سنی اتحاد کونسل اور ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ اتحاد کیا ہے لیکن اس کے باوجود ان کے پاس مطلوبہ نمبرز نہیں، ہماری جماعت اور پیپلز پارٹی کی کمیٹیوں کے درمیان گفتگو کے کئی دور ہوئے ہر مرتبہ مثبت سوچ کیساتھ گفتگو ہوئی جس کے نتیجے میں آج ہم یہاں بیٹھے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ مجھے بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر ہماری مطلوبہ تعداد پوری ہے اور ہم حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے بھرپور تعاون کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے، دہشتگردی سے دوبارہ کے پی اور بلوچستان میں پاکستانی شہید ہوئے، مہنگائی کیخلاف جنگ کرنی ہے، ملک کے اندر معاشی ترقی، خوشحالی، پیداوار کو بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھانے ہیں اور نوجوانوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنے ہیں تاکہ وہ باعزت روز کما سکیں، آج 76 سال بعد قرضوں پر گزارا کر رہے ہیں، ان چیلنجز پر قابو پانے کیلئے محنت کرنا ہو گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button