پاکستانتازہ ترین

راولپنڈی میں چیتے نے انتظامیہ کی دوڑیں لگوا دیں،5افراد زخمی۔۔ویڈیو دیکھیں

راولپنڈی (اے ون نیوز)راولپنڈی میں جنگلی چیتا نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں گھس گیا اور پے درپے حملے کرکے پانچ افراد کو زخمی کردیا، اسسٹنٹ کمشنر نے عوامی مقامات اور پارکس بند کرنے کا حکم دے دیا۔

اے ون ٹی وی کے مطابق ڈی ایچ اے فیز ٹو راولپنڈی کی ایک نجی ہاوسنگ سوسائٹی کے گھر میں جنگلی چیتا داخل ہوگیا جس پر اہل محلہ نے امدادی ادارے اور وائلڈ لائف کو اطلاع دی۔


چیتے کے حملے کے پیش نظر گھروں کے مکین اندر ہی چھپ گئے جب کہ امدادی ادارہ پہنچ گیا تاہم مہارت اور ہتھیار نہ ہونے کے سبب امدادی ادارہ چیتے کو نہیں پکڑسکا اور محکمہ وائلڈ لائف کا انتظار کرتا رہا۔ امدادی ادارے 1122 نے کہا کہ ہمارے پاس خون خوار چیتے کو قابو کرنے کے لیے کوئی جدید ہتھیار نہیں ہے۔

مکینوں کے طویل انتظار کے بعد راولپنڈی وائلڈ لائف کی ٹیم چیتے کو پکڑنے پہنچ گئی تاہم جنگلی چیتا تاحال قابو نہیں آسکا، امدادی ادارہ 1122، وائلڈ لائف عملہ اور اسلام آباد انتظامیہ کوششیں کررہے ہیں۔ راولپنڈی انتظامیہ نے زیر تعمیر گھر کے گرد رکاوٹیں لگائیں۔


چیتے نے پانچ لوگوں پر حملہ کیا جس میں وائلڈ لائف عملے کے دو ارکان اور دو سیکیورٹی گارڈز بھی شامل ہیں۔ چیتے نے پہلا حملہ سیکیورٹی گارڈ پر کیا جب کہ دو مزید حملوں میں وائلڈ لائف کے دو ملازمین کو زخمی کردیا بعدازاں چوتھے حملے میں بھی ایک سیکیورٹی کو شدید زخمی کردیا۔ وائلڈ لائف عملہ چیتے کو قابو کرنے کی کوششیں کررہا ہے مگر اسے کامیابی نہیں مل رہی۔

اسسٹنٹ کمشنر رورل زخرف فدا ملک نے چیتے کے حملے کے پیش نظر ڈی ایچ اے اسلام آباد اور گردونواح کے رہائشیوں کو گھروں میں رہنے اور باغات و عوامی مقامات کو بند کرنے کی ہدایت کردی اور کہا کہ محکمہ وائلڈ لائف اور آئی سی ٹی انتظامیہ اس وقت تیندوے کا سراغ لگانے کی کوشش کررہے ہیں پارکس اور عوامی مقامات تیندوے کے پکڑے جانے تک بند رہیں گے۔


بعد ازاں وائلڈ لائف اور انتظامیہ نے چیتے کو ہلاک کرنے کا فیصلہ کیا اور سامنے آنے پر اس پر فائرنگ بھی کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button