
لاہور میں 3 افراد کو قتل کر کے آگ لگانے کی واردات کی ہوشربا تفصیلات سامنے آ گئیں۔
چوہنگ کے علاقے میں 3 افراد کو گلا دبا کر قتل کرنے کے بعد آگ لگا دی گئی تھی، پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کئے تو ملزمہ فرح اور اس کی بیٹی علینہ کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے۔
پولیس نے ملزمہ فرح کو گرفتار کیا تو اس نے ہوشربا انکشافات کئے، ملزمہ فرح کا کہنا تھا کہ اس نے 2010 میں پہلے شوہر کو قتل کروایا، اس واردات میں اس کا ساتھ موجود شوہر وقار نے دیا۔ فرح نے پہلے شوہر کے قتل کے بعد اس کی جائیداد پر قبضہ کر لیا۔
ملزمہ فرح نے اب پینترا بدلا اور اپنے موجودہ شوہر وقار کی جائیداد پر قبضے کا منصوبہ بنا لیا، اس واردات میں ایک نئے شخص ارسلان نے اس کا ساتھ نبھانے کا وعدہ کیا۔ ملزمہ فرح، علینہ اور ارسلان راولپنڈی سے لاہور آئے اور وقار کے گھر گھس کر تمام افراد کو گلا دبا کر قتل کر دیا۔ فرح کا موجودہ شوہر وقار گھر نہ ہونے کے سبب ملزمان کے ہاتھ نہ آیا اور بچ گیا۔ ملزمہ فرح اور ساتھیوں نے گھر میں وقار کے ماں باپ اور بہن کے قتل کے بعد واردات کا رنگ بدلنے کیلئے گھر کو آگ لگا دی تاہم پولیس نے معاملے کی باریک بینی سے تفتیش کی اور ملزمہ فرح کو گرفتار کیا،اس واردات کے بعد ملزمہ نے ارسلان کے ساتھ شادی کا پروگرام بنا رکھا تھا۔ تحقیقات کے دوران ملزمہ نے اعتراف جرم کر لیا۔