وزیر اعظم شہباز شریف نے حاجی غلام علی کو نئے گورنر خیبر پختونخوا مقرر کرنے کی ایڈوائس صدر مملکت کو بھجوا دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اور مولانا فضل الرحمان کے سمدھی حاجی غلام علی کو نیا گورنر خیبر پختونخوا نامزد کیا ہے۔ جس کی سمری بھی صدر مملکت کو بھجوا دی گئی جن کی منظوری کے بعد حاجی غلام علی گورنر خیبر پختونخوا ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کی مشاورت کے بعد حاجی غلام علی کو گورنر خیبر پختونخوا بنانے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کا گورنر 6 ماہ سے نہ ہونے کے بعد وفاق نے گورنر کی تعیناتی کا فیصلہ کیا۔ حاجی غلام علی مولانا فضل الرحمان کے سمدھی ہیں اور پشاور کے ناظم بھی رہ چکے ہیں۔