غزہ(اے ون نیوز)غزہ اسرائیلی فوج نے سفاکیت کی انتہا کر دی،مہاجر کیمپوں پر بمباری سے42فلسطینی شہید ہو گئے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ سٹی کے اضلاع میں کیے گئے فضائی حملوں میں 42 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہادتوں کی تعداد 101 ہوگئی ہے۔
حماس حکومت کے میڈیا آفس نے بتایا کہ غزہ شمالی علاقے میں واقع تاریخی مہاجر کیمپوں میں سے ایک الشاطی میں گھروں پر اسرائیل نے بمباری کی جہاں 24 افراد شہید ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے دوسری کارروائی التفاح کے قریب گھروں پر کی جہاں 18 فلسطینی شہید ہوگئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مختصر بیان میں کہا کہ آئی ڈی ایف اہلکاروں نے جنگی طیاروں کے ذریعے غزہ سٹی میں حماس کے دو فوجی تنصیبات پر کارروائی کی۔
حماس نے اس کی فوجی تنصیبات نشانے بنانے کے اسرائیل کے دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم بیان میں کہا کہ حملوں میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا اور کہا کہ نازی لیڈرز کو عام شہریوں کے خلاف اس ظلم کی قیمت چکانی پڑے گی۔
خبرایجنسی کے مطابق جائے وقوع سے حاصل فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ درجنوں فلسطینی تباہ ہونے والے گھروں میں اپنے پیارے ڈھونڈنے کے لیے دوڑ رہے ہیں، فوٹیجز میں ٹوٹے ہوئے گھر، بموں سے متاثرہ دیواریں، ملبہ اور شیتی مہاجر کیمپ کی گلیوں میں دھول اڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔