اہم خبریںتازہ تریندنیا

پاکستانی لڑکے سے شادی کرنے والی بھارتی لڑکی انجو کا تہلکہ خیز بیان سامنے آگیا

بھارت سے پاکستان آنے اور خیبرپختونخوا کے نصراللہ نامی نوجوان کے ساتھ شادی کرنے والی بھارتی خاتون نے اس شادی کو مجبوری قراردے دیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق انجو نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں لگ بھگ پانچ ماہ ضرور رہی لیکن یہ اس کی منصوبہ بندی کا حصہ نہیں تھا۔انجو ایک مہینے کا ویزہ لے کر پاکستان نصراللہ سے ملنے گئی تھی اور وہ ایک سے دو ہفتے میں واپس آ جانا چاہتی تھی۔

ایک نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انجو نے کہا ہے کہ اس کا پاکستان جا کر نصراللہ سے شادی کا بھی کوئی ارادہ نہیں تھا۔ پاکستان جانے کے بعد حالات کچھ اس طرح کے بنے کہ اس کو وہاں پانچ مہینے رکنا پڑ گیا۔اس کا کہنا تھا کہ ”میں نصراللہ سے دوستی ہونے کے بعد پاکستان گئی تھی۔ میں پوری طرح قانونی طور پر ویزا لے کر گئی۔میرا وہاں زیادہ دن رکنے کا ارادہ نہیں تھا۔ یہی وجہ ہے کہ میں اپنے بچوں کو بھارت میں ہی چھوڑ گئی تھی۔میں سوچ رہی تھی کہ 15دن کے اندر لوٹ آﺅں گی لیکن میرے جانے کے بعد میڈیا میں اتنا واویلا مچ گیا کہ ایک عجیب سا ماحول کھڑا ہو گیا، جس سے میں پریشر میں آ گئی اور پھر چیزوں کو دیکھتے ہوئے کچھ دن پاکستان رک جانا ہی بہتر سمجھااور اس کے بعد میں نے شادی کر لی۔“


انجو نے کہا کہ ”اگر میڈیا میں بات نہ آتی تو شاید میں نصراللہ سے شادی نہ کرتی اور اس سے مل کر بھارت واپس چلی آتی۔لیکن میرے اپنے خاندان سے جس طرح کے بیانات سامنے آئے، میں واپس آنے سے ڈرنے لگی تھی۔ پھر سیما حیدر کا بھارت آنا بھی اسی دوران ہوا۔ سیما کی وجہ سے میرا معاملہ مشکل ہوتا چلا گیا۔ دونوں ملکوں کے میڈیا میں مجھے او ر سیما کو مقابلے کی طرح دکھایا جاتا رہا۔ یہی وجہ ہے کہ میں وہیں رک گئی اور نصراللہ سے شادی کر لی۔اس کے بعد جب مجھے لگا کہ اب واپس جانا چاہیے تو نومبر کے مہینے میں لوٹ آئی۔“


نصراللہ کے گھر میں قیام کے متعلق بات کرتے ہوئے انجو نے کہا کہ ”نصراللہ اور اس کے گھر والوں کی طرف سے مجھ پر کوئی بندش نہیں تھی۔ آپ جس ملک میں رہتے ہیں وہاں کے کلچر کا دھیان تو رکھنا پڑتا ہے لیکن ایسا نہیں تھا کہ کوئی مجھ پر دباﺅ ڈال رہا تھا۔ میرے اوپر کپڑوں کو لے کر کوئی بندش نہیں تھی۔ میں نے وہاں کبھی برقعہ نہیں پہنا۔ صرف سوٹ پہنے جو یہاں بھی پہنتے ہیں۔“

انجو نے کہا کہ ”بھارت واپس آنے کے بعد مجھے کم از کم 4سے 5ایسی لڑکیوں کی فون کالز آئی ہیں جو پاکستان کے لڑکوں سے پیار کرتی ہیں اور پاکستان جانا چاہتی ہیں۔وہ مجھ سے پاکستان کے بارے میں پوچھ رہی تھیں۔ تاہم میں نے ان کو یہی صلاح دی کہ خاندان کو بھروسے میں لے کر ہی کوئی قدم اٹھانا۔ “


واضح رہے کہ انجواور نصراللہ کی ملاقات فیس بک پر ہوئی تھی۔ انجو پاکستان کا ویزہ لے کر واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئی۔ نصر اللہ سے شادی اور پاکستان میں پانچ ماہ گزارنے کے بعد چند ہفتے قبل وہ بھارت واپس چلی گئی۔ اس کے واپس جانے پر نصراللہ کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ وہ اپنے بچوں سے ملنے اور بھارتی شوہر سے طلاق کا معاملہ طے کرنے بھارت گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button