اہم خبریںشوبز

سلمان کے بعد گلو کار ہنی سنگھ کو بھی قتل کی دھمکی

ممبئی(اے ون نیوز)بھارتی گلوکار اور ریپر ہنی سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں گولڈی برار کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے۔

بدھ کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے گلوکار نے کہا کہ انہوں نے پولیس سے تحفظ کا کہا ہے۔ ہنی سنگھ نے مزید کہا کہ وہ ‘واقعی خوفزدہ’ ہیں۔

گولڈی برار، لارنس بشنوئی کے ساتھ مبینہ طور پر گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث تھا۔ سدھو موسے والا کو گزشتہ سال 29 مئی کو پنجاب کے مانسا ضلع میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ لارنس بشنوئی گینگ کے رکن کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برارنے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

انڈیا ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ہنی سنگھ نے کہا، "مجھے جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے۔ مجھے اور میرے عملے کو گولڈی برار کی طرف سے کالز موصول ہوئی ہیں۔ میں نے کمشنر آف پولیس سے درخواست کی ہے کہ وہ مجھے سکیورٹی دیں اور اس کی تحقیقات کریں۔ میں واقعی خوفزدہ ہوں۔”

تفصیلات کے بارے میں پوچھے جانے پر ہنی سنگھ نے بتایا کہ "مجھ سے کہا گیا ہے کہ اس بارے میں زیادہ بات نہ کریں کیونکہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی۔ میں نے ثبوت دے دیے ہیں۔ یہ میرے ساتھ زندگی میں پہلی بار ہوا ہے۔ لوگوں نے ہمیشہ مجھ سے محبت کی ہے۔ یہ پہلی بار ہے کہ مجھے ایسی دھمکی ملی ہے، میرا پورا خاندان خوفزدہ ہے، موت سے کون نہیں ڈرتا؟ میں ہمیشہ سے ایک چیز سے ڈرتا رہا ہوں اور وہ ہے موت، میں نے سکیورٹی مانگی ہے، تحفظ کے لیے۔ کال ایک بین الاقوامی نمبر سے ہے۔ ان میں سے کچھ کالز ہیں اور کچھ وائس نوٹ ہیں۔”

خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں، ممبئی پولیس کو ہنی سنگھ اور ان کی ٹیم کے ارکان کے خلاف ایک ایونٹ کی منسوخی پر تنازعے کے بعد ایک ایونٹ منیجمنٹ ایجنسی کے مالک کو مبینہ طور پر اغوا اور حملہ کرنے کی شکایت موصول ہوئی تھی۔ شکایت کنندہ کے طور پر ایونٹ منیجمنٹ ایجنسی کے مالک کے نام کا ذکر کرتے ہوئے تحریری درخواست باندرہ کرلا کمپلیکس (BKC) پولیس اسٹیشن میں جمع کرائی گئی تھی۔

اس طرح کے الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، ہنی سنگھ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف یہ شکایت "جھوٹی” اور "بے بنیاد” ہے۔ میری کمپنی یا شکایت کنندہ کے درمیان کوئی تعلق یا معاہدہ نہیں ہے جو میڈیا دکھا رہا ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس اپریل میں بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے لیے ایک دھمکی آمیز فون کال ممبئی پولیس کو موصول ہوئی تھی جس میں نامعلوم شخص نے اداکار کو جلد قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔

بھارتی نیوز ایجنسی کے مطابق ممبئی کے مین پولیس کنٹرول روم میں پولیس کو کال موصول ہوئی جس میں ایک شخص نے کہا کہ وہ سلمان خان کو 30 اپریل کو قتل کر دے گا۔

اس سے قبل مارچ 2023 میں بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کو جان کی دھمکیاں ملنے کے بعد ممبئی پولیس نے اداکار کے گھر کے باہر سکیورٹی میں اضافہ کر دیا تھا۔

ای میل کے ذریعے سلمان خان سے متعلق جان لیوا دھمکی موصول ہونے کے بعد ممبئی پولیس نے باندرہ پولیس اسٹیشن پر اداکار کے قریبی ساتھی کی مدعیت میں گینگسٹر لارنس بشنوئی اور کینیڈین نژاد گینگسٹر گولڈی برار سمیت روہت گرگ کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مبینہ دھمکیوں کا مقدمہ درج کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ سلمان خان کے قریبی ساتھی کو روہت گرگ نامی شخص کی جانب سے ای میل کے ذریعے جان سے مارنے دھمکیاں موصول ہوئی تھیں، ای میل میں کہا گیا تھا کہ کینیڈین نژاد گینگسٹر گولڈی برار سلمان خان سے براہ راست مل کر بات کرنا چاہتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button