لاہور (اے ون نیوز) آئی جی پنجاب اور پولیس کو گالیاں دینے والا اہلکار ذہنی مریض نکلا ، آئی جی پنجاب نے علاج کی ذمہ داری اٹھالی ۔
آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں نظر آنے والا کانسٹیبل شاہد نفسیاتی بیماری کا شکار ہے، وہ ڈیوٹی سے بھی غیر حاضر تھا، کانسٹیبل کی دماغی حالت بہتر کرنے کیلئے علاج جاری ہے، نفسیاتی بیماریوں کے شکار اہلکار کو متعلقہ معالجین کے پاس لے جایا جائے گا، سائیکالوجیکل اسکریننگ کا مقصد کسی ملازم کو نوکری سے نکالنا ہرگز نہیں ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں ایک جگہ پر ٹریفک وارڈن نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو روکا ہوا ہے اور وہاں سے پنجاب پولیس کی وردی میں ملبوس ایک موٹر سائیکل سوار نکلنے کی کوشش کرتا ہے۔مائک بردار شخص موٹر سائیکل کو پکڑ کو وردی پوش موٹرسائیکل سوار کو روکنے کی کوشش کرتا ہے جس پر وہ مائیک بردار شخص کو گالیاں دینا شروع کر دیتا ہے، مائیک بردار شخص کہتا ہے کہ ناظرین یہ دیکھیں پنجاب پولیس کا اہلکار جو شراب پی کر موٹر سائیکل چلا رہا ہے، اور وہ شخص مسلسل گالیاں دیے جاتا ہے۔