اسلا م آ باد ہائیکورٹ نے مبینہ بیٹی ٹیریا ن کی معلومات چھپانے پر عمران خان کی نااہلی درخواست کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فریقین کے وکلاءآئندہ سماعت پر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر عدالت کی معاونت کریں ۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے شہری کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا ، حکم نامے میں کہا گیاہے کہ پٹیشن میں میانوالی سے منتخب رکن قومی اسمبلی عمران خان کی نااہلی کی استدعا کی گئی ،پیٹشنر کے مطابق عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت غلط معلومات فراہم کی گئیں ،عمران خان نے بچوں کی تفصیل میں دو کا ذکر کیاہے ،ایک کی معلوما ت چھپائیں ،پیٹشنر نے دستاویزات سے ثابت کرنے کی کوشش کی کہ دراصل عمران خان کے تین بچے ہیں ،
عدالت نے پیٹشنر کے وکیل سے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کیئے ،پوچھا گیا آرٹیکل 199 کے تحت ہائیکورٹ سماعت کر سکتی ہے یا الیکشن کمیشن جانا چاہیے ،وکیل نے کہا حقائق پر مبنی معاملے پر عدالت کا دائرہ اختیار ہے کہ وہ اس کا جائزہ لے ،عمران خان اور الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو دو ہفتوں کیلئے پری ایڈمیشن نوٹس جاری کر دیا گیاہے ،فریقین کے وکلاءآئندہ سماعت پر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر عدالت کی معاونت کریں ،پیٹشنر کے وکیل نے عدالتی نظیر پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت یہ معاملہ دیکھ سکتی ہے ۔