جاپان کے صوبے اشیکاوا میں گزشتہ روز آنے والے زلزلے کے بعد سے اب تک 150 آفٹر شاکس آچکے ہیں جبکہ زلزلے کے باعث مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 55 ہو گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان کے وسطی صوبے اشیکاوا میں 7.6 شدت کے زلزلے کے بعد بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی، ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو حکام کی کوششیں جاری ہیں۔اب تک 150 سے زائد آفٹر شاکس آ چکے ہیں، ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
جاپانی وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ آفت کے متاثرین کو تلاش کرنے، انہیں بچانے کے لیے وقت سے مقابلہ کرنا ہے، ریجن میں 33 ہزار گھروں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہے۔اشیکاوا میں سونامی کی تمام وارننگز واپس لے لی گئی ہیں، متاثرہ علاقوں سے 62 ہزار افراد کا انخلاء کرایا گیا ہے۔