اہم خبریںپاکستانپنجابتازہ ترین

ماں چھوٹی سی غلطی سے اپنی دنیا اجاڑ بیٹھی،لاہور کے علاقے اچھرہ میں 4بچوں کے زندہ جل جانے کی دلخراش داستان

لاہور(سپیشل رپورٹ،علی سجاد احمد)کبوتروں کے ڈربے میں رہائش پذیر 6افراد کا کنبہ چند منٹوں میں ہی برباد ہو گیا،ہنستا بستا گھر اجڑ گیا، پندرہ دن پھوپھو کے گھر گزارنے والے بچے رات کو تو ہی واپس آ ئے تھے کون جانتا تھا موت ان کو کھینچ کر لائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں اچھرہ کے علاقے چوک بابا اعظم میں ایک پلازے کی چھت پر عباس اپنی بیوی اور چار بچوں کے ساتھ رہائش پذیر تھا،کبوتروں کے پنجرے کو فائبر کی چھت اور دیواریں بنا کر کمرہ بنایا گیا تھا،مالک اس کمرے کا بھی چھ ہزار کرایہ لیتا تھا،فائبر کی دیواروں کے ساتھ والدین نے کپڑے کے پردے لگا رکھے تھے تاکہ بچوں کو سردی سے بچایا جا سکے۔

وقوعہ کے روز آٹھ بجے صبح بدقسمت باپ پلازے کے سامنے تندور میں روٹیا ں لگانے میں مصروف ہو گیا جبکہ بچوں کی ماں چولہا جلتا چھوڑ کر نہانے چلی گئی،والدہ نے بچوں کو ٹھنڈ سے بچانے کے لئے دروازے کو باہر سے کنڈی لگا دی،یہی والدہ کی سب سے بری غلطی تھی، اس دوران چولہے کے قریب لگے پردے نے آگ پکڑ لی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے کمرے کو لپیٹ میں لے لیا فائبر کی چھت پگل کر معصوم بچوں پر گرتی رہی اور چند ہی منٹوں میں سب کچھ جل کر خاکستر ہو گیا۔

اس دوران نہانے میں مصروف بچوں کی والدہ چیخ و پکار بھی نہ سن سکی والد نے اپنی دکان سے گھر کو شعلوں میں لپٹا دیکھا تو دوڑ لگا دی لیکن جب تک وہ پلازے کی چوتھی منزل پر پہنچا اس کی دنیا لٹ چکی تھی،ریسکیو اہلکار بھی بے بسی کی تصویر بن گئے کیونکہ پانی اتنی اونچائی میں پہنچ ہی نہیں پا رہا تھا،ساتھ والے گھروں کے لوگ بھی آگ بجھانے کی کوشش کرتے رہے لیکن سب کچھ رائیگاں گیا۔

جاں بحق ہونے والے بچوں میں 12 سالہ ایمان، 8 سالہ نور فاطمہ، 5 سالہ ابراہیم اور 2 سالہ اسماعیل شامل ہیں،جنہیں رات گئے اچھرہ کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button