پنجاب میں نگران حکومت کے قیام کے معاملے پر نگران وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے حوالے سے تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اراکین نے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے موقع پر مرکزی سینئر نائب صدر چودھری فواد حسین بھی موجود تھے، اس دوران پنجاب میں نگران وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی طور پر مشاورت کی گئی۔
احمد نواز سکھیرا، سابق چیف سیکرٹری پنجاب نوید چیمہ اور نصیر خان کے ناموں پر غور کیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے حتمی مشاورت کے بعد دو نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جانے پر اتفاق ہوا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک انتخابات میں تاخیر کا کسی طور متحمل نہیں ہو سکتا، نہایت حساس ملکی صورتحال میں انتخابات کی شفافیت کو خطرے میں ڈالنا قوم سے دشمنی کے مترادف ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد سنجیدہ ترین معاملہ ہے، بہترین ساکھ اور صلاحیت کی حامل نگران حکومت ہی اس ذمہ داری کیلئے موزوں ہے، تحریک انصاف بہترین شہرت و صلاحیت کی حامل شخصیات کو نامزد کررہی ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کا سامنا کرنے سے خوفزدہ گروہ کو مزید خرابیوں کی اجازت دینا اور نری کرنا حماقت ہو گی، نگران حکومتوں کے قیام کا آئینی تقاضا سنجیدگی سے پورا کر کے عوام کو انتخاب کے ذریعے فیصلے کا بلا تاخیر حق دیا جائے۔