پاکستان تحریک انصاف نے ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے مدمقابل این اے 119 سے میاں شہزاد فاروق کو میدان میں اتار دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امید وار میاں شہزاد فاروق این اے 110 سے الیکشن لڑیں گے، پی ٹی آئی رہنما فاروق ٹرائی سائیکل کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں، میاں شہزاد فاروق کا مقابلہ مریم نواز سے ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما میاں نوید علی نے پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر عام انتخابات 2024 میں آزاد حیثیت سے حصہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
پنجاب کے ضلع پاکپتن سے تعلق رکھنے والے سابق لیگی ممبر پنجاب اسمبلی میاں نوید علی ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی سے ناراض ہوگئے ہیں جس کے بعد انہوں نے آزاد حیثیت سے انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
میاں نوید علی کا کہنا تھا کہ پارٹی نے ہماری وفاداریاں نظرانداز کر کے چوہدری جاوید کو ٹکٹ دی، جب کوئی فرنٹ پیج پر نہیں آرہا تھا تو میرے والد نے پارٹی کا ساتھ دیا، ن لیگ کیلئے ہم نے ظلم و زیادتی برداشت کیں اور جیلیں بھی دیکھیں۔
میاں نوید علی کا مزید کہنا تھا کہ 10سال تک پارٹی کو سنبھالا لیکن پارٹی کو شاید کچھ اور ہی عزیز تھا، پارٹی نے میرے ساتھ وفا نہیں کی لیکن ہم الیکشن جیت کر بھی وفا کریں گے۔
علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن)کی خاتون رہنما عائشہ رجب علی نے بھی چند روز قبل 2024 کے الیکشن آزاد حیثیت سے لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ عائشہ رجب علی کاکہنا تھا2024 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 97 تاندلیانوالہ سے آزاد حیثیت سےمیں حصہ لیں گی۔