اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

ایون فیلڈ، العزیزیہ ریفرنس،نوازشریف کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے بھی ریلیف مل گیا

اسلام آباد (اے ون نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں ضمانت میں توسیع کردی۔عدالت نے نواز شریف کی اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں پر نیب کو نوٹس جاری کردئیے۔ 26 اکتوبر تک گرفتاری سے بھی روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق دوران سماعت وکیل اعظم نذیر تارڑ نے استدعا کی کہ عدالت ہماری اپیلیں بحال کرنے کی درخواست پہلے سنے،احتساب عدالت نے اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ واپس لے لیا، وارنٹ بھی ختم ہو گئے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا آپ عدالت سے غیر حاضر کیوں رہے؟ کیوں اشتہاری ہوئے؟ نواز شریف نے جسٹیفائی کرنا ہے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے ایک بات آپ کو کلیئر کر دوں کہ آپ قانون کے مطابق جائیں گے۔

دوران سماعت نواز شریف کے وکیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا کہ نوازشریف عدالت کی اجازت سے بیرون ملک گئے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے یہ معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا تھا مگر آپ دوسری عدالت چلے گئے۔

دوران سماعت وکیل نے نواز شریف کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کی استدعا کی جس کی نیب پراسیکیوٹر نے بھی مخالفت نہیں کی اور واضح مؤقف اپنایا کہ نوازشریف کو گرفتار نہیں کرنا چاہتے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے میں ان کیسز میں 5 سال بعد واپس آیا ہوں ۔ سمجھنے کی کوشش کررہا ہوں کیا یہ وہی نیب ہے،نیب تو آج بغیر نوٹس کے پیش ہو گیا ،یہ تو اکثر نوٹس دیں تو بھی نہیں آتے،ہمارا بھی احتساب ہونا ہے۔ کیا اب یہ نیب کہے گی کہ کرپٹ پریکٹس کا الزام برقرار ہے لیکن چھوڑ دیں ۔کیا چیئرمین نیب پاکستان میں ہیں؟، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ چیئرمین نیب پاکستان میں ہی ہیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ چیئرمین کے سامنے معاملہ رکھیں پھر کیوں عدالت کا وقت ضائع کیا۔ اگر یہ کیسز غلط دائر ہوئے ہیں تو پھر نیب کیس واپس لینا چاہے تو کیسے لے گاَ؟نیب آئندہ سماعت تک واضح پوزیشن سے متعلق بتائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز کیس میں نواز شریف کی حفاظتی ضمانت پر 26 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے نواز شریف کی اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں پر نیب کو نوٹس جاری کردیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button