مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کا ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں خطاب کے دوران کہنا تھا کہ اتحادیوں کو دعوت دیتے ہیں کہ ان کیساتھ مل کر وفاق اور پنجاب میں حکومت بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ انتخابات کے بعد مسلم لیگ (ن) پنجاب اور مرکز میں بڑی جماعت بن کر ابھری ہے تاہم حکومت بنانے کیلئے مطلوبہ اکثریت موجود نہیں۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم سب پارٹیوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، چاہے وہ پارٹی ہے یا آزاد لوگ ہیں، ان کو بھی دعوت دیتے ہیں زخمی پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے آؤ ہمارے ساتھ بیٹھو، ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف خوشحال پاکستان ہے۔
نوازشریف کا کہنا تھاکہ آپ کو معلوم ہے کس نے اس ملک کیلئے کیا کیا ہے؟ ہم نے کس طرح معاشی مشکلات سے نکالا اور معیشت کو ٹھیک کیا، ہمیں مینڈیٹ ملا ہے اس لئے ضروری ہے کہ سب پارٹیاں مل کر ملک کو اس بھنور سے نکالیں، یہ سب کا پاکستان ہے، سب کو مل کر اس کو بھنور سے نکالنا ہے۔
مسلم لیگ ن کے قائد کا کہنا تھا کہ سیاستدان، پارلیمینٹ، افواج پاکستان، میڈیا سب مل کر مثبت کردار ادا کریں، ملک میں استحکام کے لئے کم از کم دس سال چاہئے، پاکستان اس وقت کسی لڑائی کا متحمل نہیں ہوسکتا سب کومل کر بیٹھنا ہوگا، معاملات طے کرنے ہونگے۔
نواز شریف نے سادہ اکثریت نہ ہونے پر اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ شہبازشریف کو آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کا ٹاسک دے دیا ہے۔