پنجاب اسمبلی کی تحلیل و ممکنہ صوبائی انتخابات کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے فوری وطن واپسی سے انکار کردیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت نے نواز شریف کو رواں ماہ ہی وطن واپسی کی تجویز دی تھی ، سینئر قیادت نے موجودہ سیاسی صورتحال میں نواز شریف سے فوری وطن واپسی کی درخواست کی تھی۔
نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو جواب میں کہا ہے کہ فی الحال موجودہ سیاسی صورتحال میں میرا پاکستان واپس آنا ممکن نہیں ، رواں ماہ مریم نواز کی فوری وطن واپسی کاامکان ہے ، مریم نواز کچھ عرصے کے بعد مجھے رپورٹ دیں گی اس کے بعد وطن واپسی کا فیصلہ کروں گا۔
پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو فوری طور پر انتخابات کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی رہنما بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابی میدان میں اتریں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو تمام تر صورتحال سے انہیں اپ ڈیٹ رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔