اگر کوئی بلے باز کلین بولڈ ہوکر بھی آؤٹ ہونے سے بچ جائے تو شاید آپ کو یقین نہ آئے لیکن آسٹریلیا میں میچ کے دوران ایسا ہی نظارہ دیکھنے کو ملا جس نے سب کو حیران کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں ویسٹرن ڈسٹرکٹس کے مابین تھرڈ گریڈ میچ کے دوران بولر نے بیٹسمین کو کلین بولڈ کردیا تاہم اس کے باوجود وہ ناٹ آؤٹ رہا۔ہوا کچھ یوں کہ گیند وکٹ پر لگنے کے باوجود دونوں بیلز نہیں گریں اور نہ ہی تینوں میں سے ایک بھی سٹمپ مکمل طور پر اکھڑ سکا جس پر امپائرز نے اسے آؤٹ قرار نہیں دیا۔
ایم سی سی کے قانون 29.1 کے مطابق بلے باز کو تب تک بولڈ آؤٹ نہیں قرار دیا جاسکتا ہے جب تک سٹمپ کے اوپر سے کم از کم ایک بیل مکمل طور پر نہ گرے یا کم ازکم ایک یا اُس سے زیادہ سٹمپ مکمل طور پر زمین سے نہ اُکھڑ جائیں۔سوشل میڈیا صارفین نے کرکٹ کی تاریخ کے اس انوکھے واقعے پر اپنے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ بعص صارفین کا کہنا تھا کہ ایسا زندگی میں صرف ایک بار ہی دیکھنے کو مل سکتا ہے۔