نئے سال کے آغاز پر میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ اپنے فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ہم نئے سال کو انتہائی سادگی سے منا رہے ہیں اور حکومت پاکستان کی جانب سے نئے سال کی ہر قسم کی تقریب پر پابندی ہے۔
نئے سال کے آغاز پر میں اللہ تعالیٰ سے یہ دعا کرتا ہوں کہ سال 2024 ہمارے ملک پاکستان کیلئے ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے. میں امید کرتا ہوں کہ نئے سال میں ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کی بہتری کے لیے کوششیں کریں گے اور ایک روشن مستقبل کی طرف قدم بڑھائیں گے .
نئے سال کا آغاز پاکستان اور پوری قوم کے لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ ملک میں امن اور خوشحالی کا سفر تیزی سے اپنی منزل کی جانب گامزن ہے۔ مجھے یقین ہے کہ پاکستان پہلے سے زیادہ پرامن اور مضبوط معاشی ملک بن کر سامنے آئے گا۔
میری یہ دعا ہے کہ 2023 میں دنیا کو امن و امان اور قدرتی آفات کے جن بحرانوں کا سامنا رہا، نئے سال میں ان پر قابو پانے کیلئے مثبت پیش رفت ہو. فلسطین کے مظلوم عوام پر اسرائیلی بربریت سال 2023 کا سب سے زیادہ غمناک حصہ تھا۔ غزہ اور مغربی کنارے میں مظلوم فلسطینیوں خصوصاً معصوم بچوں کے قتل عام اور نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی پر پوری پاکستانی قوم اور اُمت ِمسلمہ شدید رنج کے عالم میں ہے۔ میں امید رکھتا ہوں کہ اقوام عالم 2024 میں فلسطین میں امن کے قیام ، اسرائیلی خون ریزی روکنے اور اس کے مسئلے کے منصفانہ حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ میری یہ خواہش اور امید ہے کہ سال 2024 میں مظلوم کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے حوالے سے نئی کامیابیوں کی جانب بڑھے۔
نئے سال کے موقع پر شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں،اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرے۔
نئے سال کے آغاز پر میں معاشی صورتحال کی مزید بہتری، دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کی تکلیفوں میں کمی کیلئے اپنی حکومت کے عزم کو دہراتا ہوں۔ 2024 میں ہم سب کو مل کر پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور امن و آشتی کا گہوارہ بنانا ہے. آئیں، نئے سال کے آغاز میں ہم یہ وعدہ کریں کہ اس ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنانے کیلئے اپنا اپنا کردار خلوص نیت سے ادا کرتے رہیں گے .