اسلام آباد(اے ون نیوز)وزیراعظم نے وزیراعظم ہاوس آمد پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چاروں صوبے وفاق کی اکائیاں ہیں ؛ چاروں صوبے مل کر چلیں گے تو ملک ترقی کرے گا۔
اے ون ٹی وی کے مطابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا نے وزیراعظم کو صوبہءخیبر پختونخوا کے انتظامی امور پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا،وزیراعظم نے کہا ملک کی معاشی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا کے تمام جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے،وزیراعظم نے کہا ہمیں مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالنا ہو گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہماری تمام مشترکہ کاوشوں میں عوامی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہو گی ،وفاقی حکومت چاروں صوبوں بشمول خیبر پختونخوا کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے اور روابط مضبوط بنانے پر یقین رکھتی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اچھی نیت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتی ہے اور ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیر ریاستی و سرحدی امور امیر مقام اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔